لندن(مجتبٰی علی شاہ) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی گلگت بلتستان ارمان شاہ نے کہا ہے کہ 70سالوں میں پہلی بار گلگت بلتستان میں ایسی حکومت آئی ہے جس نے گلگت کو بدل کر رکھ دیا ہے اور اس وقت یہ علاقہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ حافظ الرحمٰن ہر ترقیاتی کام اپنی زیر نگرانی کرواتے ہیں اور ہرپروجیکٹ کو مانیٹر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خوبصورتی دنیاکے سامنے ہے مگر ماضی کی تمام حکومتوں نے اسے نظر انداز کیا۔ پہلی بار مسلم لیگ نواز کی حکومت نے میاں محمد نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس خطہ کی شکل بدل دی اور ہر ادارے میں تاریخی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو عوام خوش قسمت ہیں کہ ان کو ایسا وزیر اعلیٰ نصیب ہوا جو وزیر اعلیٰ ہاؤس بیٹھنے کے بجائے عوامی حلقوں میں ہوتا ہے اور ہر ترقیاتی کام کو خود دیکھتا ہے۔ گلگت بلتستان میں ماضی میں سردی کے موسم میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند رہتی تھیں اور نظام زندگی مفلوج ہوجاتا تھا مگر اب حالات اس کے برعکس ہیں۔ جہاں مسئلہ پیدا ہو اسی وقت ریسیکو کیا جاتا ہے۔ ارمان شاہ نے کہا کہ ہماری پہچان عوامی خدمت میں ہے اور ہمیں عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار صحت کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں اور ہسپتالوں کا نطام تبدیل ہوا ہے۔ ڈاکٹر ہم وقت تیار رہتے ہیں اور نئے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ پرانے ہسپتالوں میں جدید مشینری لگادی گئی ہے جس سے عوام کو بڑی سہولتیں ملی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے کورسز کے ساتھ ساتھ سکولوں میں حاضری یقینی بنائی گئی ہے جس سے تعلیمی عمل بہتر ہوا ہے۔ مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر عبدالشکور خان نے کہا کہ جب سے مسلم لیگ نواز کی حکومت گلگت بلتستان میں قائم ہوئی ہے گلگت کے عوام بہت خوش ہیں۔ ہر طرف ترقیاتی کاموں کا جال بچھا ہوا ہے اور ہماری قائد میاں محمد نواز شریف کا عزم ہے کہ گلگت کو دوسرے صوبوں کی طرح ترقی کی منازل طے کروائیں گے۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر انجم ، عبدالرحمن وردک، ماجد وردک، سیکرٹری انفارمیشن عثمان خان، گوہربٹ ، شاہد رفیق اعوان اور دیگر کارکنان نے شرکت کی ۔ تمام رہنماؤں نے ارمان شاہ کو کامیاب دورہ برطانیہ کرنے پر مبار کباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کے لئے دن رات محنت کریں گے اور اس خوبصورت کو دنیا میں سیاحت کے لئے ایک مثالی جگہ بنا دیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سیاح بلاخوف و خطر گلگت بلتستان کا دورہ کریں اور اس علاقے کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں، حکومت اور ادارے مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔