اسلام آباد(جنگ رپورٹر)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ضلع سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے یونین کونسل بیگووال کے ناظم عمران چیمہ کے ہاتھوں لاہور کے ایک مقامی اخبار کے علاقائی نامہ نگار ذیشان بٹ کے مبینہ قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹوں کے اندر اند رپور ٹ طلب کر لی ہے ، فاضل چیف جسٹس نے بدھ کے روزیہ نوٹس سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے دوران مقامی صحافیوں کی جانب سے واقعہ کی نشاندھی کرنے پر لیا ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے سیالکوٹ میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔