ملتان صدر بازار میں واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر10گھنٹوں سے زائد گزر جانے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا جبکہ آگ پر قابو پانے کےلیے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔
ریسکیوذرائع کے مطابق14فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آپریشن میں پاک فوج کی ہیوی مشینری کی مدد بھی حاصل کی گئی اور شاپنگ مال کی بیرونی دیواروں کو گرا کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ملتان میں کینٹ کے علاقہ میں واقع معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور میںآگ صبح 8بجے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ کے مطابق آگ نے اسٹور کی چاروں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس میں ایک تہہ خانہ بھی شامل ہےجبکہ آگ کو اول درجے کی آگ قرار دے دیا گیا ہے جس میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، فائر بریگیڈ اور کنٹونمنٹ بورڈ کے فائر ٹینڈرز شامل ہیں۔
ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں کو بھی کاٹ دیا گیا ہے، جس سے کینٹ کے کچھ حصے کی بجلی بند ہو گئی ہے جبکہ قریبی عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔
کلیم اللہ نے مزید بتایا کہ 19 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، پولیس نے علاقہ کو سیل کر رکھا ہے، فوج امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے رہی ہےجبکہ آگ لگنے سے اب کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں موجود سامان تباہ ہوگیا ،جس کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔