کیا آپ کو معلوم ہے کہ کمرے میںداخل ہوتے ہی لوگ آپ کے بارے میں رائے قائم کرنا شروع کردیتے ہیں۔ خوش قسمتی سے تھوڑی سی کوشش کرکے آپ اپنی شخصیت کو بہتر بناسکتے ہیں۔ وہ کیا خصوصیات ہوتی ہیں کہ ایک شخص فوراً دوست بنا لیتا ہے، لوگ اس پر جلدہی بھروسہ کرنے لگتے ہیں اور بڑی ہی آسانی سے کاروباری روابط قائم کرلیتا ہے جب کہ کسی اور شخص کو ان سارے معاملات میں کافی وقت لگ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ دوسروں کے سامنے پرکشش، سمجھدار اور ذہین نظر آنا چاہتے ہیں تو درج ذیل تدابیر پرعمل آپ کے لیے بے حد مفید ہوسکتا ہے۔
مثبت سوچ اپنائیں
چڑچڑا یا بدمزاج ہونا تو اکثر آسان ہوتا ہے مگر جو لوگ مثبت ذہنی رویے کو اپنی شخصیت کا حصہ بنا لیتے ہیں، وہ کامیابی کی سیڑھی تیزی سے چڑھتے ہیں اور لوگوں کی نظر میں ان کی ساکھ بھی بہتر ہوجاتی ہے۔
دوستانہ مگر محتاط گفتگو
الفاظ کا محتاط انتخاب کرتے ہوئے پراعتماد انداز سے گفتگو کریں۔ اگر کسی ہجوم کے سامنے بات کرنے کا خیال آپ کو ڈرا دیتا ہے تو اس کی مشق اس وقت تک کریں، جب تک ہجوم کے سامنے بولنے کا تجربہ آپ کو خوفزدہ نہ کرسکے۔
سننے کی صلاحیت
بات چیت کے دوران سامنے والے کی بات پوری توجہ سے سننا، دوسروں کی نظر میں آپ کی اہمیت بڑھاتا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ ان کی باتیں ہوا میں نہیں جارہی۔ بار بار لقمہ دینے کی عادت انا کو تو تسکین پہنچا سکتی ہے مگر دوست بنانے میں کبھی مددگار ثابت نہیں ہوتی۔
پرسکون رہنا
کسی خبر یا کام کے دوران حد سے زیادہ ردعمل چاہے مثبت ہو یا منفی، لوگوں کے سامنے شخصیت کا برا تاثر ڈالتا ہے۔ غصے کی حالت میں خاموشی آپ کے آگ بھرے الفاظ کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔
تحمل مزاج
ہر چیز کا تحمل سے انتظار آپ کو نقصان نہیں پہنچاتا۔ جلد بازی کے باعث لوگ نقصان اٹھاسکتے ہیں جبکہ مناسب وقت پر کوئی کام کرنا کامیابی کا امکان بڑھاتا ہے۔
ذہن کھلا رکھنا
جو لوگ خود کو مخصوص خیالات اور اپنے جیسے مزاج کے حامل لوگوں تک محدود رکھتے ہیں وہ نا صرف ذاتی ترقی سے محروم ہورہے ہوتے ہیں بلکہ وہ ایسے مواقع بھی گنوا دیتے ہیں، جو ان کے کیرئیر کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
مسکراہٹ کا استعمال
کسی کو دیکھ کر مسکرا دینا بھی صدقہ ہے۔ کسی بھی شخص کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی ملین ڈالر مسکراہٹ ہوسکتی ہے جس کو دوران گفتگو چہرے پر پھیلانے سے دیگر افراد کے اندر آپ کے لیے حسد یا کینہ پیدا ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
بہانے نہ تراشنا
کسی کام کے لیے ٹال مٹول یا بہانے کرنے سے آپ کی شخصیت کا بہت خراب تاثر جاتا ہے۔ لوگ آپ پر کبھی اعتماد نہیں کریں گے۔
دل سے دوسروں کو سراہنا
دوسروں کی اچھی عادات کو سراہنا ان کا دل جیت لینے کے بہترین حکمت عملی ہے مگر کبھی بھی اتنی بڑھا چڑھا کر تعریف نہ کریں جس کا مستحق وہ شخص نہ ہو۔
آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں
میساچیوسٹس کی برینڈیز یونیورسٹی میں ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا صرف خود اعتمادی ہی کی علامت نہیں بلکہ وہ لوگ جو عادتاً آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں وہ ذہانت میں بھی دوسروں سے آگے ہوتے ہیں۔ گفتگو کے دوران نظریں چرانے والے اعتماد میں کمی کا شکار ہونے کے علاوہ خاصے کم ذہین ہوتے ہیں۔ اس مشورے کی روشنی میں آپ دوسروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات ضرور کریں لیکن یہ فارمولا کسی بزرگ پر ہر گز نہ آزمائیں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ آپ کے اعتماد کا مظاہرہ کسی بزرگ کے نزدیک آپ کی بدتمیزی شمار ہوجائے۔
ایک اچھا کام روزانہ
اچھا انسان وہ ہوتا ہے جو دیگر افراد کی مدد غرض یا توقع کے بغیر کرتا ہے۔ ضروری نہیں کہ بہت زیادہ پیسہ خرچ کریں یا بھاگ دوڑ کریں کسی کو سڑک پار کروا دینا یا ایسے ہی چھوٹی موٹی مدد بھی ساتھی ورکرز سے بہترین تعلق کی بنیاد بن جاتی ہے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں۔
ناکامیوں سے سبق سیکھنا
لوگ اس فرد سے بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو ناکامیوں کی دلدل سے ابھر کر سامنے آتا ہے اور وہ ہر وقت جلنے کڑھنے والے افراد کسی صورت پسند نہیں کرتے۔ دنیا میں کسی بھی میدان میںکامیابی کی راہ میں ناکامی کا سامنا ہوتا ہے مگر اس سے سبق سیکھ کر اپنی خامیوں کو دور کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔