• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جارحیت،سکھر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

بھارتی جارحیت،سکھر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

سکھر (بیورو رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی و تجارتی تنظیموں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، ریلیاں نکال کر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے ملٹری روڈ سے سٹی بائی پاس تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت مولانا ریاض علی نے کی، شرکاء نے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کیخلاف نعرے بلند کئے۔جمعیت علماء اسلام کی جامعہ حمادیہ منزل گاہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت مولانا صالح انڈھڑ، مولانا عبیداللہ بھٹو و دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف شاہراہوں پر گشت کرکے نعرے بازی کی۔ جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں مفتی محمد ابراہیم قادر، مشرف محمود قادری و دیگر نے شرکت کی، ملک فلاحی تنظیم کے ملک جاوید، راجپوت بندھانی ویلفےئر ایسوسی ایشن کے حاجی شریف بندھانی، عبدالجبار راجپوت، تحفظ شہری حقوق ویلفےئر ایسوسی ایشن کے ارشاد علی گھانگھرو سمیت مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی و تجارتی تنظیموں کی جانب سے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پروگرام منعقد کئے گئے۔ احتجاجی ریلیوں، مظاہروں اور تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی ختم نہیں ہوسکا ہے، بھارتی فوجی آئے روز بے گناہ کشمیریوں کو کشمیریوں پر بربریت کرکے انہیں شہید کررہے ہیں کشمیر، فلسطین اور شام میں نہتے مسلمانوں پر ظلم کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ ودیگر عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیکر کشمیریوں کو ان کے حقوق فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جبکہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری مسلمانوں کی اخلاقی و سفارتی سطح پر بھرپور مدد کرے، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اٹھایا جائے۔

تازہ ترین