گولڈ کوسٹ ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم تین میچز کھیل کر بھی فتح کی متلاشی ہے۔ گرین شرٹس نے اتوار کو انگلینڈ کے خلاف میچ بھی برابر کھیلا۔ اس سے قبل پاکستان نے ویلز اور بھارت سے میچز ڈرا کیے تھے۔ خوش قسمتی سے ٹیم ناکامی سے محفوظ ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور مضبوط حریف کے گول پوسٹ پر شروع سے ہی کئی حملے کئے تاہم ابتدائی دو کوارٹرز میں گول نہ بناسکے۔ ٹیم نے چوتھے کوارٹر میں ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود برتری کا خاتمہ کیا۔ اتوار کو میچ میں بھی تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو پاکستان کے حق میں نعرے لگارہی تھی۔ میچ میں پاکستان نے دو پنالٹی کار نر حاصل کئے جس پر ایک گول ہوسکا ۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے چار یقینی گول ضائع کئے۔ پاکستان کی جانب سے 33ویں منٹ میں محمد ارسلان قادر نےخوبصورت فیلڈ گول بناکر پاکستان کو سبقت دلادی جو صرف ایک منٹ بعد ہی انگلینڈ کےمارک گلیگورن نے پنالٹی کارنرپر ختم کردی۔ 51ویں منٹ میں انگلینڈکیلئے سیم وارڈ نے پنالٹی کارنر پر دوسرا گول کیا۔ البتہ 57ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے پاکستان کو پھر بچالیا۔ ٹیم بدھ کو اپنا آخری گروپ میچ ملائیشیا کے ساتھ کھیلے گی۔ میچ کے بعد منیجر حسن سردار نے کہا ہے کہ ٹیم کے سیمی فائنل میں جانے کا چانس موجود ہے، ملائیشیا کے خلاف ہمیں میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ ہر میچ میں خسارے میں جانے کے باوجود کم بیک کیا،ہماری پرفارمنس میں روازنہ کی بنیاد پر بہتری آرہی ہےہم نے ہر میچ میں گول کے مواقع ضائع کئے ہیں اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔