غذر (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر برائے خوراک غلام محمد نے کہا ہے کہ اپریل کے تیسرے ہفتے میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان سب ڈویژن یاسین کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یاسین میں تعمیرو ترقی کا 8سالہ جمود ٹوٹ چکا‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے دورہ سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ یاسین کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کی حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل کے سفر پر گامزن ہے۔ وزیراعلیٰ نے یاسین کی ترقی کیلئے13 کروڑ کا خصوصی فنڈ دیا ہے۔ اس خطیر رقم سے اسی سال یاسین میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائیگا جن میں چار آر سی سی پل، ہندور تا املست روڈ، گرلز مڈل سکول درکوت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دیگر اعلانات پر بھی متعلقہ ادارے تیزی سے پیپر ورک مکمل کر رہے ہیں۔ یاسین کے عوام کو سابقہ آٹھ سالوں اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کا اڑھائی سالوں کا واضع فرق نظر آئیگا۔ مشیر خوراک غلام محمد نے کہا کہ یاسین کے عوام وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی یاسین آمد پر شاندار استقبال کرینگے۔