شاہپورچاکر(نامہ نگار)سینیٹ کے چیئرمین رضاربانی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے قبضے کے بعد سے ملک کا ستیاناس ہوگیا ملٹری کورٹس اور آپریشن سے خاطرخواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں مگر ابھی بہت کام ہونا باقی ہے۔ وہ سینیٹر عاجز دہامرہ سے والدہ کی تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ رضا ربانی صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کرتے اور زیادہ تر نو کمنٹس کہتے رہے ۔اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ پر مک مکا کے الزامات ، پی آئی اے کی نجکاری ، بینظیر بھٹو قتل کیس، عذیر بلوچ کےبارے میں سوالات کا گول مول جواب دیتے اور نوکمنٹس کہتے رہے ۔ سابق صدرمشرف کے این آر او کو غلطی ماننے والے بیان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے بارے میں ان کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف کے قبضے کے بعد سے ملک کا ستیاناس ہوگیا تھا تھر مسئلے پر سندھ حکومت کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پوری تندہی سے تھر کے عوام کے لیے کام کررہی ہے بچوں اور بڑوں کی اموات کو روکنے کے لیے اقدامات ہورہے ہیں سندھ حکومت کو ہر بات میں موردالزام ٹہرایا نہیں جاسکتا۔