• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ہاکی کے عالمی مقابلوں کی بحالی کا وقت آگیا

پاکستان میں ہاکی کے عالمی مقابلوں کی بحالی کا وقت آگیا

گولڈ کوسٹ ( نمائندہ خصوصی) آسٹریلین ہاکی ٹیم کے کپتان مارک نوئلزنے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کے عالمی مقابلوں کی بحالی کا وقت شروع ہوچکا ہے، دہشت گردی سے دوچار اس ملک میں اب کھیلوں کے دروازے کھلنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، وہ کرارا ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے زوال کی اہم وجہ ان کے کھلاڑیوں کوہوم گرائونڈمیں انٹرنیشنل ہاکی میچوں کا نہ ملنا ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات نے اسے کھیلوں میں بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے، مگر اب حالات میں بہتری کی خبریں آ رہی ہیں جو خو ش گوار تبدیلی ہے، اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان میں کرکٹ لیگ کا انعقاد، ہاکی کی عالمی الیون کی آمد سے مستقبل میں مزید تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلین ہاکی ٹیم کا فوری طور پر پاکستان جانا ممکن نہیں ہے، آنے والے وقتوں میں اس بارے میں سوچا جاسکتا ہے مگر اس کا انحصار پاکستان میں حالات پر ہے ۔ پاکستان کو اپنی جونیئر ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنا چاہئے، نئے لڑکوں کواکیڈمیز میں ٹریننگ کے لئے بھیجا جائے اس سے ان کے کھیل میں نکھار آئےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ہاکی ٹیم میں فزیکل فٹنس اچھی دکھائی دے رہی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں نے حریف کے گول پر حملے کئے مگر وہ گول کے چانسسز سے فائدہ نہیں اٹھاسکے اس پر توجہ دینا ہوگی۔ پاکستان کو ابتدائی مرحلے میں اپنے کھلاڑیوں کو یورپی ملکوں کی لیگ میں شرکت کرانا چاہئے اس سے ان کو فائدہ ہوگا۔

تازہ ترین