گولڈ کوسٹ (نمائندہ خصوصی) قومی ہاکی ٹیم کا کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی امید بھارت اور انگلینڈ کی جیت کے ساتھ ختم ہوگئی۔ گرین شرٹس کی شرکت اب پوزیشن میچز کی حد تک رہ گئی ہے ۔ پول بی میں منگل کو کھیلے گئے میچز کے نتائج نے پاکستان ہاکی کیمپ میں صف ماتم بچھادی۔ انگلینڈ اور بھارت نے سات، سات پوائنٹس کے ساتھ اس گروپ سے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو اپنے گروپ کا آخری میچ ملائیشیا کے ساتھ کھیلے گی۔ جیت کی شکل میں وہ پانچویں ، چھٹی پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔ پا کستان نے گروپ میں اپنے تینوں میچز برابر کھیلے۔ بھارت نے منگل کو ملائیشا کو1-2سے ہرایا فاتح ٹیم کی جانب سے ہمن پریت سنگھ نے دونوں گول پنالٹی کار نر پر بنائے، ملائیشیا کا واحد گول ساری فضیل نے اسکور کیا۔ گروپ کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو دوگول کے خسارے میں جانے کے باوجود سیم وارڈ کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے میچ 2-3 سے ہرادیا۔ ویلز کی جانب سے لیوک ہاکر اور فرانسس بینجمین نے گول بنائے۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ ہم بدقسمت ثابت ہوئے، گروپ کا ایک میچ بھی جیت لیتے تو میڈل کی دوڑ میں شامل ہوتے۔ آخری میچ جیتنے کی کوشش کریں گے تاکہ پوزیشن کے میچ میں بہتر نمبر پر آسکیں۔ بدھ کو نیوزی لینڈ نے گروپ اے کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 2-5 اورآسٹریلیا نے کینیڈا کو0-4 سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔