• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی پولیس کو سینئر افسروں کی کمی کاسامنا ،اضافی چارج پر تعیناتیاں

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس کو سینئرپولیس افسروں کی کمی کاسامناہے ضلع میں سینئرپولیس افسروں کی 7اہم اسامیوں پرتعیناتیاں نہیں کی جاسکیں اور ان سیٹوں کاچارج عارضی طورپردوسرے افسروں کوسونپاگیاہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی میں سی پی او،ایس ایس پی ڈسپلن اینڈانسپکشن ، ایس ایس پی وی وی آئی پی سپیشل برانچ، ایس پی ہیڈکوارٹر،ایس پی راول ،ایس پی صدر اور سینئرٹریفک آفیسرکی سیٹیں خالی ہیں ،جب کہ 14اپریل کوچیف ٹریفک آفیسرکی ریٹائرمنٹ سے یہ اسامی بھی خالی ہوجائے گی۔ سی پی اوراولپنڈی کااضافی چارج ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول افضال احمدکوثرکے پاس ہے جب کہ ایس ایس پی ڈسپلن اینڈانسپکشن کااضافی چارج بھی انہیں کے پاس ہے اس طرح ایک افسراس وقت تین سیٹوں پرذمہ داریاں سرانجام دے رہاہے ۔ ایس ایس پی وی وی آئی پی سپیشل برانچ کی اضافی ذمہ داریاں ایس ایس پی سپیشل برانچ راولپنڈی سرانجام دے رہے ہیں ۔ایس پی چودھری یوسف علی شاہدسی ٹی اواورسینئرٹریفک آفیسر دونوں سیٹوں پرکام کررہے ہیں ایس پی راول کااضافی چارج ایس ایس پی آپریشنزراولپنڈی محمدبن اشرف اورایس پی صدرکااضافی چارج ایس پی سیکیورٹی بہارشاہ کے پاس ہے جب کہ ایس پی ہیڈکوارٹرراولپنڈی کی اضافی ذمہ داریاں ایس ایس پی انوسٹی گیشن امیرعبداللہ خان نیازی نبھارہے ہیں ۔موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مئی کے اواخرمیں مکمل کررہے ہیں جس کے بعدعبوری حکومت میں اہم سرکاری افسروں کےتبادلے کئے جائیں گے جس کے باعث بہت سے افسرمختصرمدت کے لئے ذمہ داریاں سنبھالنے سے بچناچاہتے ہیں اوراس عرصہ میں پوسٹنگ لینے سے گریزاں ہیں ۔
تازہ ترین