اسلام آباد (پرویز شوکت وقائع نگار)ذمہ دار ذرائع معلوم ہوا ہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہونیوالی بات چیت سے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری سے نگراں وزیراعظم کے نام اور انکی تجاویز پر مشاورت سے بھی آصف زرداری کو آگاہ کیا، ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری نے نگران وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے خورشید شاہ کو تازہ ہدایات دیں اور کہا کسی ایسی شخصیت کا انتخاب کیا جائے جو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد کرنے کی پوزیشن میں ہوں اور صلاحیت رکھتا ہو، نگران وزیراعظم کے وزراء کی ٹیم بھی غیر جانبدار ہونی چاہئے ، گزشتہ انتخابات میں بعض نگراں شخصیات پر دھاندلی الزامات لگے تھے اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو فائدہ پہنچایا لیکن اب شفاف اور غیر جانبدرانہ انتخابات وقت کی ضرورت ہے اور جمہوریت کی بقا کی بھی ضامن ہے ۔