کوئٹہ ( جنگ نیوز ) خودکش دھماکے میں زخمی پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ گوادر کے صدر شاہد کریم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔وزیر اعلیٰ نواب ثنا ء اللہ زہر ی کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ کے رہنما مرزا شمشادنے شہید کا جسد خاکی بذریعہ ایمبولینس کوئٹہ سے گوادر کے لئے روانہ اورتمام اخراجات اور دیگر امدادی رقم شہید کے ماموں کے حوالے کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں اور کارکنوں کو بھی شہید کے خاندان سے مسلسل رابطے کی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نواب ثنا ء اللہ زہری نے کہا کہ ہماری پارٹی کی تاریخ شہیدوں سے بھر ی پڑی ہے ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے آج شہیدوں کے قافلے میں ایک اور شہید کا اضافہ ہوچکا ہے اورشہیدوں کا پاک خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔