اسلام آباد(نمائندہ جنگ)لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے پرویز مشرف سمیت لال مسجد آپریشن کے تمام کرداروں کو معاف کردیا،مولانا عبدالعزیز غازی اور شہدا فائونڈیشن دوحصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ مولانا عبدالعزیز نے پانچ فروری کو نماز جمعہ بھی جامع حفصہ میں پڑھائی تھی جس کی وجہ سے شہدا فائونڈیشن کے صدر طارق اسد ان سے اختلاف کرتے ہوئے الگ ہوگئے تھے اور انہو ں نے پیر کی سہ پہر اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرنے کےلئے تین بجے لال مسجدمیں پریس کانفرنس کا بھی اعلان کیا ہے۔ مولانا عبدالعزیز نے اتوار کی شام نماز مغرب کے بعد جامع حفصہ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے آئندہ لائحہ عمل کا کیا۔ جس کاآغاز انہوں نے سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف سمیت لال مسجد آپریشن کے تمام کرداروں کو معا ف کرتے ہوئے کیا۔ اتوار کو جامع حفصہ میں ڈیڑھ گھنٹے کی طویل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز نے کہاکہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے خواہاں ہیں جس کےلئے وہ اپنی ماں ،بھائی ،بیٹے اور دیگر رفقا سمیت تمام شہداء کا خون معاف کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان جسے لا الہ اللہ کی بنیاد پر حاصل کیاگیا تھا میں شریعت کا نفاذ کریں۔