• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹیکل 62ون ایف کا عدم خاتمہ ہماری غلطی ہے ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62ون ایف کو ختم کرنے کے حوالہ سے ( ن ) لیگ سے غلطی ہوئی ۔ ارتقاء کےعمل سےگزرکرسیاسی جماعتیں میچورٹی حاصل کرتی ہیں، نواز شریف کا وژن کلیئر ہے اور وہ بڑی وضاحت کے ساتھ بات کرتے ہیں کہ ان قوانین کو جو آمر کے دور میں بنے اس کو پارلیمنٹ سے باہر نکال کر پھینک دینا چاہیے ۔ جب پارلیمنٹرینز پر کوئی بھی کرپشن کا الزام نہ ملا ہو تو آمدنی سے زائد اثاثوں کا نظریہ ضرورت استعمال کر کے اس طرح منتخب وزراء اعظم کو گھر بھیجا جاتا ہے ۔ پاکستان کی پارلیمان میں ہی یہ ترمیم ہو گی اور اس کالے قانون کو باہر نکالا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نےایک انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 ون ایف جیسے قوانین جو آمریت کے دور میں بنے تھے، یہ تمام قوانین پارلیمان سے باہر نکالنے چاہئیں تھے ۔ سیاسی جماعتیں ایک ارتقاء کے عمل سے گزرتی ہیں اور یہ نہیں ہوسکتا کہ ( ن ) لیگ جو 1980 ء کی دھائی میں تھی 1990 ء کی دھائی میں تھی وہی 2018 ء میں ہو گی ۔ ارتقاء کے عمل سے گزر کر سیاسی جماعتیں میچورٹی حاصل کرتی ہیں ۔ اگر اسی طرح جمہوری عمل پاکستان میں جدوجہد کرتا رہا اور مضبوطی ہوتی رہی تو سیاسی جماعتیں بھی میچورٹی حاصل کر لیں گی ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2013 ء میں جب ہماری حکومت آئی تو ہم یہ کرنا چاہتے تھے اور یہ ہونا بھی چاہیے تھا لیکن ہماری حکومت کا استقبال ہی ایک دھرنے سے کیا گیا اور عمران خان بھی امپائر کی انگلی کے انتظار میں کھڑے رہے اور دھرنے کے پیچھے جو بیک اسٹیج تھا وہ اب پوری قوم کے سامنے ہے ۔
تازہ ترین