• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈرگ روڈ فلائی اوورحکومتی عہدیدار کے افتتاح کے بغیر ہی کھل گیا

کراچی، ڈرگ روڈ فلائی اوورحکومتی عہدیدار کے افتتاح کے بغیر ہی کھل گیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی کی وجہ سے کسی حکومتی عہدے دار نے افتتاح نہیں کیا بلکہ انجینئرز اور ٹریفک پولیس نے دعا کے بعد شارع فیصل پر ڈرگ روڈ راشد منہاس روڈ فلائی اوور کو ترقیاتی کام مکمل ہونے پر ٹریفک کیلئے کھول دیا۔

پولیس حکام کے مطابق پل 20 برس قبل تعمیر کیا گیا تھا تاہم تعمیرات ناقص ہونے کی وجہ سے پل کی چھت میں آئے دن شگاف پڑ رہے تھے اور چھت ناقص ہونے کے باعث گزشتہ سالوں کے دوران کئی مرتبہ مرمت کے لئے بند کرنا پڑا تھا۔

حکومت سندھ نے اس کی چھت نئے سرے سے ڈالنے کے کام کا آغاز دسمبر 2017 میں کیا تھا جسے 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 9 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پل کی ازسرنو تعمیر کے کام کا کسی حکومتی عہدے دار نے اس لیے افتتاح نہیں کیا کیونکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومتی مدت پوری ہونے کی وجہ سے پابندی ہے اس لئے پیر کی شام مغرب سے قبل ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار جمع ہوئے۔ منصوبے پر کام کرنے والے انجینئر بلا لیے گئےاور دعا کے بعد رکاوٹیں ہٹا کر پل کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔

راشد منہاس روڈ فلائی اوور کھلنے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی صورتحال بہت بہتر ہوگی۔ فلائی اوور کے نیچے شارع فیصل کو ایئرپورٹ کے لئے سگنل فری کرتے ہوئے انڈرپاس گزشتہ سال تعمیر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین