• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور، ن لیگ کےورکرزکنونشن میں اسٹیج پر بیٹھنے کاتنازع، کارکن جھگڑپڑے

بہاولپور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کاورکر کنونشن گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب تھے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ بہاولپورنہ پہنچ سکے ،جس کے بعد مقامی رہنماؤں،وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمان،سابق سینیٹر چوہدری سعود مجید، میئر سٹی بہاولپور عقیل نجم ہاشمی نے ورکرز کنونشن کاآغاز کرایا ، ورکرز کنونشن شروع ہوتے ہی مبینہ طورپر کارکنوں کے 2گروپ سٹیج پرچڑھنے کے معاملے پر جھگڑ پڑے،شدید مارکٹائی ہوئی ،کارکنوں نے لاتوں اورگھونسوں کا استعمال کیا۔ میاں بلیغ الرحمان نے سٹیج سے اُتر کر معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی، اس کوشش میں خود بھی دھکم پیل کاشکارہوئے، اسی اثناء میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ویڈیولنک میں آگئے لیکن ورکرز کنونشن میں کارکنان کی ہلڑ بازی اورجھگڑے کو دیکھتے ہو وزیراعلیٰ پنجاب نے انتہائی مختصر خطاب کیا اور اُٹھ کرچلے گئے۔ اس واقع کے حوالے سے مسلم لیگ ن ذرائع اور سرکاری ایجنسیوں کے ذرائع کاکہناہے کہ کارکن گزشتہ کچھ عرصے سے مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین،رہنماؤںکی جانب سے اہمیت نہ دینے پرسخت برہم تھے ،ساتھ ہی وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمان کے گروپ کے کارکنان کے سٹیج پرہونے پر کشیدگی پیداہوئی اورمعاملہ لڑائی جھگڑے تک پہنچا۔ اس واقعہ کے حوالے سے ڈپٹی میئر سٹی کارپوریشن ملک منیراقبال چنڑ نے جنگ کوبتایاکہ کارکنان کو اہمیت نہ دینا اور ان کی جگہ اپنے من پسند افراد کوسٹیج پربٹھانا جھگڑے کا باعث بنا۔۔اس حوالے سے وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمان نےبتایاکہ ان کے ساتھ کسی کارکن نے بدتمیزی نہیں کی،کچھ کارکنو ں کوسیٹ نہ ملنے کی شکایت تھی جس کی وجہ سے کارکنوں کا آپس میں جھگڑا ہو لیکن معاملہ رفع دفع کرادیا گیا۔ میرے ساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی ، ملک منیراقبال چنڑ موقع پرموجود نہیں تھے۔
تازہ ترین