کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں گریڈ ٹو کرکٹ کے معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں ملتان کے خلاف آزاد جموں کشمیر کی ٹیم صرف33 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیرہوگئی۔ ملتان اسٹیڈیم میں منگل کو اے جے کے کی ٹیم صرف بیس اوورز مزاحمت کرسکی۔ محمد عرفان نے18رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔پانچویں رائونڈ کے دوسرے دن ملتان ریجن نے اسے سات وکٹ سے شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاڑکانہ کے پہلی اننگز کے اسکور 144 رنز کے جواب میں کراچی بلیوز نے257 رنز بنائے۔ تجربہ کار طارق ہارون نے تین وکٹ لینے کے بعد79 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں لاڑکانہ نے چار وکٹ پر116 رنز بنائے تھے۔ ٹی ایم سی گرائونڈ میں سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں 318 اور دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 143 رنز بنائے۔ حیدرآباد ریجن نے347 رنز بنائے۔ سعد خان نے173 رنز کی اننگز کھیلی۔