• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں کیخلاف نعرے،شہباز شریف نے قصور کے 3لیگی عہدیدار معطل کردیئے

لاہور،قصور(خصوصی نمائندہ،نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے قصور میں عدلیہ ، اداروں کے خلاف نکالی گئی ریلی پر سخت ایکشن لے لیا - شہباز شریف کی ہدایت پراداروں کے خلاف نازیبا الفاظاستعمال کرنے پر3 عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا-چیئرمین ضلعی بیت المال قصورناصر خان ، انچارج ہلال احمر قصور جمیل خان اور مسلم لیگ (ن) کھڈیاں کے صدر رانا اسد خان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور اس ضمن میں ضروری کارروائی کر کے رپورٹ وزیر اعلی آفس جمع کروا دی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج 2018ء کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ماہ مقدس میں سستے آٹے کیلئے 11 ارب روپے کی خطیر سبسڈی دینگے۔ رمضان بازاروں اوراوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 500 روپے جبکہ 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 250 روپے میں دستیاب ہو گا۔ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے۔ فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی اور ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی میرا مشن ہے،اس مقصد کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے۔ شہبازشریف سےمیئر کراچی وسیم اخترنے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی کیلئے جو ممکن ہو سکا ضرور کریں گے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا اور عوام نے اگلے انتخابات میں خدمت کا موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے اور کراچی کو عروس البلاد بنائیں گے جہاں کوڑا کرکٹ نہیں رنگا رنگ پھول کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت کے عزم پر عمل پیرا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے لاہور میں حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پائیدار اقدامات کو سراہااور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔شہبازشریف نے میئر کراچی کی درخواست پر کراچی کے ہسپتالوں میں بہتری کیلئے محکمہ صحت کی ٹیم کراچی بھجوانے کی ہدایت کردی۔ماہرین کراچی کے 12ہسپتالوں کی بہتری کیلئے سفارشات مرتب کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کریں گےجس کی روشنی میں ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کراچی کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ شہبازشریف نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ انرجی بحران کے خاتمے کیلئے شب و روز محنت رنگ لا رہی ہے۔ بجلی کی فراہمی سے صنعت کا پہیہ رواں ہے۔ مزدور اور ہنرمند کیلئے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر مملکت پاور ڈویژن عابد شیر علی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان، مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی اور دیگر متعلقہ سیکرٹریز اور حکام موجود تھے۔شہبازشریف نے خیرپور میں مسافر وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 6 افراد کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورحادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔  
تازہ ترین