لندن (مرتضی علی شاہ) سرکاری چینی کنسٹرکشن کمپنی چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ گوادر میں پہلا لگژری گولف کمیونٹی تعمیر کرنے کے لئے پاکستانی کمپنی امپائر پراپرٹیز کے ساتھ اس کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ امپائر پراپرٹیز پاکستانی رجسٹرڈ کمپنی ہے۔ چینی کمپنی سی سی ای سی سی نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں۔ 265 ملین ڈالر کا لگژری گولف کمیونٹی گوادر کی ترقی کے لئے سنگ میل ہوگا۔ اس حوالے سے مشترکہ پریس ریلیز جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پراجیکٹ مستقبل کے پورٹ سٹی میں پریمیئر ریذیڈنشل اینڈ لائف سٹائل منزل ثابت ہوگا۔ سی سی ای سی سی (پاکستان) کے منیجنگ ڈائریکٹر وانگ لی نے کہاکہ ہم انٹرنیشنل مثلاً سی پی آئی سی کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ چائنہ پاک گولف اسٹیٹ نا صرف گوادر کے بلکہ پاکستان کے لئے بھی گرائونڈ بریکنگ ڈیولپمنٹ ہوگی اور ہمارے لئے اس پراجیکٹ کا ایک اعزاز ہے سی سی ای سی سی 39 برسوں کا تجربہ رکھنے والی سرکردہ بین الاقوامی کمپنی ہے جو 40 سے زائد ملکوں میں ہائی کوالٹی پراجیکٹ جو سول انجینئرنگ ڈیزائن کنسلٹنس سے رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ تک پھیلے ہیں میں کام کررہی ہے، پاک گولف اسٹیٹ پاکستان میں ماسٹر کوالٹی ڈیولپمنٹ کے لئے نئے سٹینڈرڈ قائم کرے گی۔ امپائر پراپرٹیز پاکستان کے سی ای او افضل شاہ نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کا نیا سٹینڈرڈ قائم کرے گا اور اس بڑے وژن کے لئے کام کرنے کے سلسلے میں سی سی ای سی سی سے اچھی کوئی اور کمپنی نہیں ہوسکتی ہیں وانگ لی اور ان کی ٹیم کو گرمجوشی کے ساتھ خوش آمدید کہتا ہوں ہم پاکستان رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کا فیبرک تبدیل کردیں گے اور مارکیٹ میں شفافیت اور ساکھ کا نیا بینچ مارک قائم کریں گے۔ ہم مارکیٹ کو انٹرنیشنل مارکیٹس کے مساوی معیار پر لائیں گے۔ جس کے نتیجے میں انٹرنیشنل انویسٹمنٹ متعارف ہوگی جس کے ذریعے ملک کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں انقلاب برپا ہوگا اور پاکستانیوں کو وہ کوالٹی لائف ملے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔