• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں ،51مشتبہ ،روپوش اور اشتہاری ملزمان گرفتار

سکھر،پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں ،51مشتبہ ،روپوش اور اشتہاری ملزمان گرفتار

سکھر + شہدادپور (بیورو رپورٹ/ نامہ نگار) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 51 مشتبہ، روپوش اور اشتہاری ملزمان کو حراست میں لیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے، حراست میں لئے گئے ملزمان میں روپوش اور اشتہاری ملزمان پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ 12ملزمان جوئے میں ملوث تھے اور 5ایسے نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو خطرناک انداز میں موٹر سائیکل چلا رہے تھے اور ون ویلنگ کررہے تھے۔ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں و دیگر چوری کا سامان برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اے سیکشن تھانے کی حدود ملٹری روڈ کے نزدیک ڈاکو واردات کی نیت سے موجود ہیں، جس پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، پولیس کی ٹیم مذکورہ مقام پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس میں ایک ڈاکو پولیس کی گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، گرفتار ڈاکو سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ہیں تاہم ان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائیگا۔ دوسری جانب پولیس نے شہر کے اہم چوراہوں گلوب چوک، فوارہ چوک، دعا چوک، پولیس لائن چوک و دیگر علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کے دوران گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار افراد اور گاڑیوں کے کوائف چیک کئے۔ اس دوران 4ون ویلرز سمیت 25سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 18 سے زائد گاڑیوں کے کوائف مکمل نہ ہونے پر چالان کئے گئے، 12 سے زائد موٹر سائیکلیں شک کی بنیاد پر تحویل میں لی گئیں اور 20 سے زائد گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس اور رنگین شیشے اتارے گئے، جبکہ تھانہ بائجی اور سی سیکشن تھانوں کی حدود میں پولیس نے کارروائیاں کرکے 2روپوش و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن کی شناخت عبدالرشید اور عمران کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان پولیس کو جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، جن کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں اور دیگر چوری شدہ سامان برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ بی سیکشن تھانے کی حدود ڈھک روڈ اور مینارہ مارکیٹ کے نزدیک کارروائیاں کرتے ہوئے 10جواریوں اور آکڑے پرچی کے بکیز کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کی شناخت جاوید، رضوان، عمران، غلام مرتضیٰ، نوید، عدنان، رضوان، دیدار، جاوید، ماجد کے نام سے ہوئی ہیں۔ ملزمان کے قبضے تاش کے پتے، آکڑا پرچی باکس، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔ شہدادپور سے نامہ نگار کے مطابق ایس ایس پی سانگھڑ راؤ عارف اسلم کی ہدایت پر ایس ایچ او شہدادپور غازی خان راجڑ اور ایگل اسکواڈ انچارج رب نواز نے خفیہ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہدادپور کے قریب گاؤں بہادر کلوئی میں چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا 500پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر لیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری چھاپے مارنا شروع کردیئے۔

تازہ ترین