اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں انہیں حصہ لینے سے روکنے سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر سماعت اپیل میں ہفتہ کے روز اپناجواب جمع کرادیا ،اپنے وکیل سلمان اسلم بٹ کے ذریعے اسحاق ڈار نے 16صفحات پر مشتمل تحریری جواب میں موقف اختیارکیاہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت کسی اشتہاری قرار دیئے گئے شخص کی انتخابی اہلیت ختم نہیں ہوجاتی، اشتہاری قرار دینے سے بنیادی آئینی حقوق ختم نہیں ہوجاتے، انتخابات کے لئے اہلیت کا معیار آرٹیکل 62 میں دیاگیا ہے، جب کہ کسی عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دینا آرٹیکل 62 کے تحت اہلیت ختم نہیں کرتا ، انہوں نے کہاہے کہ انہیں اشتہاری قرار دینے کے خلاف عدالت میں اپیل زیرالتوا ہے ۔