• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں دوریاں، سراج الحق کا سینیٹرز سے بیان حلفی لینے کا مطالبہ

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میںدوریاں، سراج الحق کا سینیٹرز سے بیان حلفی لینے کا مطالبہ، پی ٹی آئی نے حکومت چھوڑنے کا مشورہ دیدیا

مردان(ایجنسیاں )تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں دوریاں‘امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے الیکشن کمیشن اورچیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میںممبران کی خریدو فروخت کے بڑے سانحے کے بعد تمام سینیٹرزکو بلاکر بیان حلفی لیاجائے ‘ سینیٹ الیکشن میں کرپشن کا نوٹس لیاجائےاورسیاسی دہشت گردی کا خاتمہ کیاجائے‘عام انتخابات بھی سینیٹ کی طرح ہوئے تویہ فضول مشق ہوگی‘صرف نوازشریف کی نااہلی سے بدعنوانی کا ناسورختم نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے بے لاگ احتساب کرنا پڑے گا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان فوادچوہدری نے سراج الحق کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں حکومت چھوڑنے کامشورہ دیدیااورکہاکہ یقین نہیں آ رہا ایک طرف سراج الحق تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں دوسری طرف کے پی کے حکومت سے چمٹے ہوئے ہیں۔ سراج الحق کی تحریک انصاف پر الزام تراشی سمجھ سے بالاتر ہے ‘ جماعت اسلامی نے کے پی کے حکومت کیوں نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاناما کیس میں نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ گئی مگر اسی جماعت اسلامی نے سینیٹ میں نوازشریف کے امیدوار کو ووٹ دیا یہ کیسی دوغلی پالیسی ہے ۔ دوسری طرف امیر جماعت پی ٹی آئی پر تنقید اور الزام تراشیاں کر رہے ہیں لیکن اس حکومت سے چمٹے ہوئے ہیں یہ دوہرا معیار نہیں تو اور کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اتوارکو جامعہ تفہیم القران مردان میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ 2مئی کو اسلام آباد سے ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے کرپٹ نظام کے خاتمے کیلئے مشترکہ طورپر جدوجہد کاآغاز کریں گے۔2مئی کاایم ایم اے کنونشن کرپٹ نظام کے خاتمے اور اسلامی فلاحی نظام کااعلان ہوگا،عوام امریکی یاروں کومسترد کرینگے‘ دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے سے پاکستان ٹھیک نہیں ہوگا ‘پاکستان سیاست میں ملاوٹ اور سیاسی دہشت گردی کے خاتمے سے ٹھیک ہوگا،مسلح دہشت گردی کی وجہ سے ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچا جتناسیاسی دہشت گردی نے پہنچایا‘اسی سیاسی دہشت گردی کی وجہ سے ملک دولخت ہوا‘امریکی اسٹیبلشمنٹ آنے والے انتخابات میں اپنے منظور نظر افراد کو سپورٹ کرکے ان کے لئے اداکاروںاور ہیلی کاپٹروں کی بکنگ کررہی ہے لیکن انشاء اللہ پاکستانی قوم سائیکل اور موٹرسائیکل سے ان کا مقابلہ کرکے پوری دنیا میں نشان عبرت بنائینگے ‘ پاکستانی قوم امریکی ایجنٹوں کا مقابلہ کریگی‘انہوں نے کہا کہ اخلاقی کرپشن ہو،مالی کرپشن ،مسلح اور سیاسی کرپشن ہو ہم خاتمہ کرکے دکھائینگے‘سینیٹ الیکشن میں جو کرپشن ہوئی یہ بہت بڑا سانحہ ہے اور الیکشن کمیشن کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہئے تھا کیونکہ یہ وہ سیاسی کرپشن ودہشت گردی ہے جسکی وجہ سے ملک دولخت ہوااگر اب بھی اتنے بڑے سانحہ کے بعد اصلا حات نہیں کی جاتیں اور اس سیاسی دہشت گردی کا را ستہ نہیں روکا جاتا تو پھر یہ انتخابات نہیں ہونگے بس ایک ایساعمل ہوگا جس کے ذریعے وہی نواب اورخانزادے اقتدارتک پہنچیں گے‘ کلین اور گرین پاکستان ہمارا خواب ہے اوراس کیلئے سب سے پہلے کلین اور گرین قیادت کی ضرورت ہے اور یہ کلین اور گرین قیادت صرف جماعت اسلامی ملک کو فراہم کرسکتی ہے ‘ انہوںنے مطالبہ کیاکہ قبائل کو این ایف سی سے تین فیصدحصہ دیا جائے‘پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے کے لیے سیاست کو کرپشن سے پاک کرناہوگا‘ صرف نواز شریف کے نااہل ہونے سے کرپشن کا ناسور ختم نہیںہو گا ‘ریاست کو مستحکم کرنا ہے تو بے لاگ احتساب کرنا پڑے گا۔

تازہ ترین