پشاور(جنگ نیوز،مانیٹرنگ سیل)پی آئی اے ملازمین کیلئےسروس ایکٹ کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوامیں ڈاکٹروں کی ممکنہ ہڑتال روکنے کیلئے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ نافذکر دیا۔ کے پی کےحکومت نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اب ہڑتال نہیں کر سکیں گے۔ صوبا ئی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا ہےکہ ایکٹ ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں نافذ کیا گیا ۔ ہائیکورٹ کا حکم تھا کہ جو بھی اس کی راہ میں رکاوٹ بنے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں سمیت کوئی بھی سرکاری ملازم ہڑتال نہیں کرسکے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ صحت نے تمام سرکاری ہسپتالوں کےحکام کو اپنے ماتحت شعبوں کے حوالے سےہدایات جاری کر دیں ۔صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے یہ قدم پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر اٹھایا ہے۔ ہائیکورٹ کا حکم تھا کہ جو بھی اس کی راہ میں رکاوٹ بنے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ پشاور کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پرآج( 9 فروری )سے ہڑ تا ل کا اعلان کیا تھا ۔