• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران عادی احتجاجی بن گئے،خیبرپختونخوا عوام کی خدمت کریں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عادی احتجاجی بن گئے ہیں وہ خیبر پختونخوا عوام کی خدمت کریں ، تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نےکہا کہ عوامی مسائل پر آواز اٹھا رہے ہیں ،کراچی میں مقصد لاکھوں کا مجمع جمع کرنا یا حکومت گرانانہیں تھا۔میزبان نے اپنے تجزیے میں کہا کہ حکومت کو اگلے چند ماہ میں شدید سیاسی مخالفت اوراحتجاجی سیاست کا سامنا کرناپڑسکتا ہے، اپوزیشن جماعتیں جو تقسیم نظر آرہی تھیں اب حکومت کی ناکام حکمت عملی نے اس میں جان ڈال دی ہے، تاریخیں دینے والوں نے ایک بار پھر تاریخیں دینا شروع کردی ہیں ،چار حلقے کھولنے کے مطالبہ کے بعد پاکستان تحریک انصاف پانچ نئے مطالبات کے ساتھ پھر سے میدان میں آگئی ہے ،عمران خان کے علاوہ اب اس اپوزیشن کی جانب سے بھی سڑکوں پر آنے کی بات کی جارہی ہے جسے فرینڈلی اپوزیشن کہا جاتا تھا مگر حکومت کسی کی سننے کے موڈ میں نظر نہیں آرہی ہے، پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی پی آئی اے ملازمین کی پشت پر نظر آرہی ہیں، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی اگلے ماہ سے کرپشن کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے مطالبات کے برعکس خیبرپختونخوا میں اقدامات کررہے ہیں، عمران خان ہم سے نجکاری روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن اپنے صوبے میں نجکاری کررہے ہیں، پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ پر تنقید کرنے والے عمران خان نے خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کیلئے یہ ایکٹ نافذ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتہائی خراب حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی، اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو ہم نے چھ گھنٹے تک محدود کردیا ہے، صنعتی شعبہ کو بجلی کی مسلسل فراہمی جارہی ہے جس سے ملک کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے، کراچی سمیت ملک میں امن وا مان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، ملک میں سرمایہ کاری کی صورتحال بھی بہت بہتر ہوئی ہے، جب بھی اصلاح کی کوشش کی جاتی ہے اسٹیٹس کو کی قوتیں متحد ہوجاتی ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کو دیکھنا چاہئے کہ عوام جلاؤ گھیراؤ کی سیاست پسند نہیں کرتے ہیں، عمران خان کے پانچوں مطالبات بلاجواز ہیں، پی آئی اے اور ریلوے جیسے اداروں کو درست کرنا ہمارا مشن ہے، جنوبی ایشیا میں پیٹرول کی سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا سب سے زیادہ فائدہ ہم نے عوام تک پہنچایا ہے، پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے حکومت کے ٹیکس ریونیو میں خاطرخواہ کمی ہوتی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بڑے بیٹے نے تفصیل کے ساتھ اپنی فیملی پر کیے جانے والے اعتراضات کا جواب دیا ہے، شریف فیملی کا اوڑھنا بچھونا پاکستان تھا، انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی، نواز فیملی نے جلاوطنی کے دوران آبرو مندانہ انداز میں جینے کیلئے ملک سے باہر کاروبار شروع کیا، وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے سیاست میں نہیں ہیں، پاکستان یا لندن میں کام کرنا ان کا حق ہے، شریف خاندان پرانی بزنس فیملی ہے جسے بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان عادی احتجاجی بن گئے ہیں، انہیں اپنی سیاست کو آگے لے کر جانا چاہئے، عمران خان ملک میں افراتفری پیدا کرنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں عوام کی خدمت کریں، خیبرپختونخوا میں عمران خان کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں، عمران خان کا حق ہے کہ خیبرپختونخوا میں جو بہتر سمجھتے ہیں وہ کریں، عمران خان اچھا کریں گے تو انہیں فائدہ ہوگا، برا کریں گے تو عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان عوامی مسائل پر آواز اٹھارہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات ،گیس اور بجلی پر نئے ٹیکسز لگا کر عوام پر بھاری بوجھ ڈال دیا گیا ہے، عوام کو بتاناچاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، حکومت پاکستان کے اثاثوں اور قوم کے ساتھ ظلم کررہی ہے، ہمارا مقصد عوام کے معاشی استحصال کو روکنا ہے،کراچی میں ہمارا مقصد لاکھوں کا مجمع جمع کرنا یا حکومت گرانا نہیں تھا، ریاستی اداروں کو ٹھیک کرنے کے لئے وسائل فراہم نہیں کیے جارہے ہیں، ہزاروں خاندانوں کو چار چار مہینے سے تنخواہ نہیں ملی ہیں، حکومت ٹیکس ادا نہ کرنے والوں سے ٹیکس وصول کرے اور سوئس بینکوں سے پاکستا کا لوٹا ہوا 200ارب روپے واپس لانے کیلئے محنت کرے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے سخت اقدامات کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے ڈاکٹروں پر ڈنڈے برسائے یا گولی چلی تو میں صوبائی حکومت کی مذمت کروں گا، سیاسی جماعتوں نے احتجاجی ریلی پر گولی چلنے کے بعد پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ کی زیادہ مذمت کی، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن حکومت کے رویے کی وجہ سے معطل ہے، حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایک ایک قدم پیچھے ہٹے، تحریک انصاف پی آئی اے معاملہ کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کرسکتی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ کراؤن پرا سیکیو شن سروس کے مطابق لندن پولیس نے ہم سے الطاف حسین سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کے شواہد شیئر نہیں کیے ہیں، منی لانڈرنگ کیس میں اسٹیک بہت زیادہ ہیں، پولیس تحقیقات سے بڑھ کر اس معاملہ میں اب ریاستیں انوالو ہیں، یہاں انڈین فنڈنگ کا بھی ذکر آیا ہے۔ پشاور زلمی کے کرکٹرمحمد اصغر نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے ایک بڑا پلیٹ فارم ہے، نوجوان کھلاڑی بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم میں کھیلنا خواہش ہے، امید ہے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم میں بھی موقع ملے گا۔منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں متحدہ کے قائد الطاف حسین اور دیگر رہنماؤں کی ضمانت کے معاملہ پر کیس کی تحقیقات کرنے والی لندن پولیس اور کیس چلانے کا فیصلہ کرنے والی کراؤن پرا سیکیوشن سروس میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، کراؤن پراسیکیوشن سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن پولیس نے ایم کیو ایم قائد سمیت دیگر رہنماؤں کی ضمانت سے متعلق ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، لندن پولیس کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے شواہد ہی شیئر نہیں کیے گئے جبکہ برطانوی پولیس کا موقف ہے کہ منی لانڈ ر نگ کیس میں کراؤن پراسیکیوشن سروس سے مستقل بنیا د وں پر رابطہ رہا ہے۔شاہزیب خانز ادہ نے تجزیہ میں مزید کہا کہ پرویز مشرف کو معافی دینے کے معاملہ پر لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز اور شہداء فاؤنڈیشن میں پھوٹ پڑگئی ہے، مولانا عبدالعزیز نے ایس ایس جی کمانڈوز کے قتل پر معافی مانگنے کے بجائے معافی دینے جیسی انہونی بات کی ہے جو صرف پاکستان میں ہی ہوسکتی ہے۔ پی ایس ایل کے حوالے سے تجزیے میں شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ قومی کرکٹ کیلئے سپر سرپرائز ثابت ہورہی ہے، کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے محمد نواز کے بعد پشاور زلمی کے محمد اصغر نے بھی دنیائے کرکٹ کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
تازہ ترین