پشاور (اے پی پی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے چیف جسٹس کی جانب سے انہیں دوبارہ سکیورٹی فراہم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ چیف جسٹس کا فیصلہ نیک شگون ہے۔ میاں افتخار حسین ہٹ لسٹ پر ہیں ، ان کی سکیورٹی کے حوالے سے غفلت بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے،اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی کے بیشتر ارکان نے ماضی میں دہشتگردی کے خلاف اور امن کے قیام کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جن میں میاں افتخار حسین سر فہرست ہیں جنہوں نے امن کی خاطر اپنے اکلوتے لخت جگر کی قربانی دی اور دہشتگردی کے خلاف اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں افتخار حسین چونکہ ہٹ لسٹ پر ہیں لہٰذا ان کی سیکورٹی کے حوالے سے غفلت کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بسنے والا ہر شخص اس ملک کا شہری ہے اور ان میں سے کسی کو بھی ایسی صورتحال کا سامنا ہو تو انسانیت کی بنیاد پر اس کی جان کا تحفط ہونا چاہئے۔