پیرس (نیوز ڈیسک)مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس کے سیمی فائنلسٹ الیگزینڈرزیوریف نے مارن کلک سے تیسری پوزیشن چھین لی، کروشین پلیئر ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پرچلے گئے، موناکو میں ریکارڈ 11ویں بار چیمپئن بننے والے رافیل نڈال نے ٹاپ پوزیشن کو مضبوط کرلیا، راجر فیڈرر حسب سابق دوسرے نمبر پر ہیں، فائنلسٹ کائی نیشکوری ایک ہی جست میں 14درجے کی چھلانگ لگا کر 22ویں نمبر پر آگئے، ویمنز سنگلز رینکنگ میں سیمونا ہالیپ کی حکمرانی قائم رہی، ٹاپ20میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری ہونے والی نئی مینز سنگلز ٹینس رینکنگ میں رافیل نڈال کی بادشاہت مضبوط ہوگئی، مونٹی کارلو میں ریکارڈ 11ویں ٹائٹل فتح کی بدولت ان کے رینکنگ پوائنٹس بڑھ کر 8770 ہوگئے، راجر فیڈرر 8670پوائنٹس لیکر بدستور دوسرے نمبر پر ہیں، جرمن اسٹار الیگزینڈرز یوریف ایک قدم آگے بڑھ کر تیسرے نمبر پر فائز ہوگئے، مارن کلک کو ان کیلئے جگہ خالی کرنا پڑگئی اور وہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے، بلغارین پلیئر گریگوردیمیتروف حسب سابق پانچویں، جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو چھٹے، ڈومنیک تھیم ساتویں، کیون اینڈرسن آٹھویں، جون اسنر نویں اور ڈیوڈ گوفن دسویں نمبروں پر ہیں، لوکائوس پائولی کی 3درجے تنزلی کے بعد14ویں نمبر پرچلے گئے۔