اسلام آ باد( نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ میں’’لاء کالجز کے الحاق اورقانون کی تعلیم کے نظام میں اصلاحات‘‘ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے میں اپنی بار کونسلوں کے اعتراض کے بعد ازخود نوٹس نہیں لیتا لیکن میں اسکی قسم بھی نہیں اٹھاسکتا کیونکہ جہاں پر بھی قانون و انصاف اور بنیادی حقوق کی پامالی ہوگی مجھے نوٹس لینا پڑے گا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کی سماعت کا آغازکیا تو سرکاری ٹی وی کی ایک ملازمہ نے استدعا کی کہ چیف جسٹس سر کاری ٹی وی ملازمین کے معاملے کابھی ازخود نوٹس لیں تو چیف جسٹس نے کہاکہ میں نے ازخود نوٹس لینے بند کردئیے ہیں جس پر ملازمہ نے کہاکہ آپ کی بات میں نے اخبار میں پڑھی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ توپھرآخری ازخودنوٹس آپ کی درخواست پر لے لوں۔