لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدلیہ احتساب کے عمل کو تیز اور جلد مکمل کرے اور سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والوں سے پریشان نہ ہو ، عوام لٹیروں کا جلد از جلد احتساب چاہتے ہیں ،چیف جسٹس کے اقدامات پر وہ لوگ واویلا کر رہے ہیں جنہوں نے ایک دن کے لیے بھی ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہونے دی ۔سیکولر اور لبرل جماعتوں کے مقابلے میں دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے پاکستانی قوم کی امیدوں کا مرکز ہے ، ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں ایم ایم اے پنجاب کے عہدے داروں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب میاں مقصود احمد و دیگر بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایم ایم اے ملک میں نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے عوام کو متحد کرے گا ، آئندہ الیکشن غلامان امریکہ اور غلامان مصطفیٰ کے درمیان ہوں گے ، 70 سال سے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے ملک کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے لیے ہر حربہ آزمایا ، مگر دین سے محبت کرنے والے عوام نے اپنوں اور اغیار کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نظریہ پاکستان کو زندہ رکھا ۔