• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شب برأت کے پروگرامز کیلئے راولپنڈی پولیس کاسکیورٹی پلان تشکیل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے شب برأت کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے پروگرامز کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، راولپنڈی پولیس کے پانچ سوافسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی افضال احمد کوثر کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے شب برأت کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے ۔ سکیورٹی پلان کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریباً 500افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ شب برأت کے موقع پر مساجد ،امام بارگاہوں اور مختلف مقامات پر ہونے والے پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ مساجد ،عبادت گاہوں میں آمدورفت کیلئے ایک دروازہ کھولا جائے گا اور کسی شخص کو جامہ تلاشی اور میٹل ڈیٹیکٹر سے چیکنگ کے بغیر داخل ہونے کی اجازت نہ ہو گی۔مساجد کے قریب کسی قسم کی پارکنگ اور ریڑھی وغیرہ کھڑی کرنے کی اجازت نہ ہو گی۔ عبادت گاہوں کے نزدیک شاپنگ بیگ، لاوارث سامان اور مشکوک افراد کی خصوصی پڑتال کی جائے گی۔ لاؤڈ سپیکر اور ساؤنڈ آرڈیننس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔شب برأت کے موقع پر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض بھرپور ذمہ داری اورتن دہی سے انجا م دے گی۔
تازہ ترین