• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات ،چار افراد زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ مسلح افراد نے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور دو لڑکوں کو اغواء کر کے ہمراہ لے گئے۔ تھانہ روات کو ولی اشرف نے بتایا کہ خرم ولد بشیر، فرخ ولد بشیر، ناصر ولد نعیم، کاشف نواز (ناظم گھمن) شیخ عمر عزیز خان، اعجاز کاظمی معہ چند نامعلوم افراد مسلح آتشیں اسلحہ سائل کے دفتر میں زبردستی داخل ہوئے‘ للکارے مارتے رہے‘ دفتر کا تمام سامان توڑ پھوڑ دیا اور کمپیوٹر سسٹم، ایل سی ڈی، لیپ ٹاپ، 4موبائل فونز بھی توڑ پھوڑ دیئے اور آفس میں موجود دو لڑکوں سید منظر نقوی اور سید مناقب نقوی کو زبردستی اٹھا کر لے گئے۔ ناظم گھمن، راجہ فرخ اور راجہ خرم سائل کے کیبن میں گھس کر ضروری فائلز اور 15لاکھ روپے اٹھا کر لے گئے، مجھے دھمکی دی کہ دفتر بند کر دو ورنہ جان سے مار دینگے۔ تھانہ نصیرآباد کو شمون مسیح نے بتایا کہ 3موٹر سائیکلوں پر آفتاب، یونس، شیری معہ2 نامعلوم ملزمان مسلح آئے جنہوں نے مجھے مارا پیٹا جس سے میں شدید زخمی ہوگیا۔ تھانہ آر اے بازار کو شمیم اختر نے بتایا کہ عبدالغفور اپنے بیٹے عثمان کے ہمراہ میرے پلاٹ پر موجود تھا‘ جب میں وہاں گئی تو انہوں نے میرے ساتھ دست درازی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ تھانہ ٹیکسلا کو محمد یونس خان نے بتایا کہ میں معہ غلام علی، تنویر تھانہ سے واپس گھر کی طرف جا رہے تھے کہ ڈاکٹر بشارت، زاہد نے ہمارا راستہ روکا اور اسلحہ کی نوک پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ تھانہ صدر بیرونی کو امتیاز خان نے بتایا کہ سائل اپنی دکان بند کر کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں علی نواز ولد دین، نیئر ندیم ولد محمد نواز مسلح ہائے پسٹل معہ تین چار نامعلوم اشخاص چوہدری حسن دین کے گھر کے سامنے فائرنگ کر رہے تھے۔ سائل نے پولیس کو فون کیا‘ اسی دوران میری بائیں ٹانگ میں گولی لگ گئی۔
تازہ ترین