• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال اور ہزارہ برادری کے مذاکرات ناکام

احسن اقبال اور ہزارہ برادری کے مذاکرات ناکام

کوئٹہ(این این آئی) وفاقی وزیرداخلہ اور ہزارہ برادری کے مظاہرین کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے مظاہرین نے آرمی چیف کی آمد تک احتجاج ختم کرنے سے انکارکردیا،وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے ہزارہ برادری کے افرادکے لواحقین نے صوبائی وزیرسیدآغا رضا کی قیادت میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے اتوار کی رات وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے مظاہرین سے مذاکرات کئے جو ناکام ہوگئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی آمد تک وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے جسکے بعد وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال واپس چلے گئے۔درایں اثناءوفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن سرگرم ہے دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ،ہزارہ برادری کے خلاف دہشت گردی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ،گزشتہ پانچ سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔یہ بات انہوں نے پیر کی رات بلوچستان اسمبلی کے سامنے صوبائی وزیرسید رضا آغا کی قیادت میں احتجاج کرنے والے ہزارہ برادری کے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی ، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری بھی موجود تھے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی میںہزارہ کمیونٹی کے افرادکےجاں بحق ہونے پر دکھ ہوا ماضی کی نسبت آج ہزارہ کمیونٹی پر حملوں میں کافی کمی آئی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائیگی سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن بحال کررہے ہیں ہزارہ برادری قومی اداروں پر اعتماد کریں۔انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ سیکورٹی جوان دہشت گردی جیسے ناسور کے خلاف آپریشن میں مصروف عمل ہیں، سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دشمن کا مقصد سی پیک کو سبوتاژ کرنا ہے دشمن ہماری صفوں میں نفرت پھیلاکر انتشار کی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے ملک کے علماء نے دہشت گردوں کو غیر مسلم قرار دیا ہے دہشت گردوں کا کوئی قوم اور مذہب نہیں، وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ ہمیں ملکر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ہم یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لائینگے،اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ نے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ 

تازہ ترین