• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوابشاہ میں اپریل کے دوران دنیا کی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پیر کے روز پاکستان کے جنوبی شہر نواب شاہ (شہید بینظیر آباد) میں اپریل کے مہینے میں دنیا کی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، اس دن درجہ حرارت 50.2؍ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ 11؍ لاکھ آبادی پر مشتمل یہ شہر سمندر سے تقریباً 277؍ کلومیٹر دور ہے۔ عالمی ماہر موسمیات ایٹین کیپیکان نے ٹوئیٹر میٹیو فرانس پر نواب شاہ کا درجہ حرارت 50.2؍ ڈگری سینٹی گریڈ پوسٹ کیا۔ اس ٹوئیٹ میں بتایا گیا تھا کہ نہ صرف یہ درجہ حرارت اپریل کے مہینے میں پاکستان کا گرم ترین درجہ حرارت تھا بلکہ پورے ایشیائی خطے میں بھی زیادہ تھا۔ بین الاقوامی موسمیاتی انتہا (گلوبل ویدر ایکسٹریمس) کے ماہر کرسٹوفر برٹ کا کہنا ہے کہ جدید تاریخ میں یہ درجہ حرارت اپریل کے مہینے میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، نوابشاہ میں یہ مسلسل دوسرا مہینہ ہے جس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ مارچ میں ہیٹ ویو کی وجہ سے درجہ حرارت 45؍ ڈگری تک جا پہنچا تھا۔ ایشیا کے کچھ دیگر ملکوں میں بھی 29 سے 31 مارچ کے دوران ریکارڈ درجہ حرارت دیکھا گیا۔ پیر کے روز قائم ہونے والے درجہ حرارت کا ریکارڈ دیکھنے کیلئے جب ویدر ماڈل کا مشاہدہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ جنوبی پاکستان میں درجہ حرارت عمومی درجہ حرارت کے مقابلے میں 25؍ ڈگری زیادہ گرم تھا۔
تازہ ترین