• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان میں پاکستان زندہ باد موومنٹ کے زیر اہتمام جلسے کا انعقاد

مردان (نمائندہ جنگ‘ نامہ نگار) پاکستان زندہ باد موومنٹ کے زیراہتمام عظیم الشان جلسے کا انعقاد ریلوے سٹیشن گرائونڈ میں کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکنوں‘ تاجر برادری اور منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔ جلسے کے پنڈال کو چاروں طرف سے قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد موومنٹ کے کوارڈینٹر ماجد خان کشمیری‘ جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک‘ ضلعی امیر مولانا قاسم‘ ناظم کونسلر اتحاد کے صوبائی صدر ساجد اقبال مہمند‘ مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ظاہر شاہ‘ جماعت اسلامی کے عمیر علی شاہ اور صوبائی اسمبلی کے نامزد اُمیدوار عدنان خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی ملک کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔منظور پشتین پختونوں کے حقوق کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وطن کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملک کی حفاظت کے لئے لڑے گا اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختون تحفظ موومنٹ کا مقصد ملک کے سکیورٹی اداروں کو بدنام کرنا ہے اور منظور پشتین پختونوں کے حقوق کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس وقت منظور پشتین کہاں تھے جب سوات اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کی آگ لگی ہوئی تھی۔ مقررین نے کہا کہ محب وطن پاکستانی ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اس موقع پر جلسے کے شرکاء نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے زبردست نعرے بھی لگائے۔
تازہ ترین