• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں زائرین حرم کیلئے10ہزار خدام کی تعیناتی کافیصلہ

مکہ مکرمہ (اے پی پی) مسجد الحرام اورمسجد نبوی شریف کی اعلیٰ انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین حرم کیلئے 10ہزار سے زیادہ خدام تعینات کر نے کا اعلان کر دیا۔ سعودی اخبار کے مطابق مسجد الحرام اورمسجد نبوی شریف انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کی تیاریاں کافی پہلے سے کی جارہی تھیں۔ تمام اسکیموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ زائرین حرم کو 24گھنٹے بہترین خدمات مہیا ہوں گی۔ مطاف، صفا و مروہ، چھتوں، تہ خانے، شاہ فہد اور تیسری سعودی توسیع والے حصوں، حرم شریف اور اس کے صحنوں وغیرہ میں مطلوبہ خدمات 24گھنٹے مہیا ہوں گی۔ رمضان میں حرم شریف کے 210۔ مسجد نبوی کے 100 دروازے، حرم شریف کے 28 الیکٹرانک زینے، مسجد نبوی کے 4 الیکٹرانک زینے، معذوروں کی آمدورفت کے لئے 38راستے، خواتین کے لئے 7دروازے کھولے جائیں گے۔ حرم شریف میں آب زم زم کی سبیلیں، مسجد نبوی میں 60، حرم شریف میں زم زم کے25ہزار کولر اور مسجد نبوی شریف میں 23ہزار ہوں گے۔زائرین کو 10ہزار عام وہیل چیئر اور بیٹری سے چلنے والی 700چیئرز مہیا ہوں گی۔
تازہ ترین