• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ،پولیس کی کارروائیاں، دو خواتین بازیاب، وومن پولیس سینٹر منتقل

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی دو مختلف علاقوں میں کارروائی ،دو خواتین کو بازیاب کرا کر وومن پولیس سینٹر منتقل کردیا گیا۔55 سالہ معمر خاتون کو اس کا بیٹا سیاہ کاری کا الزام لگا کر قتل کرنا چاہتا تھا جبکہ دوسری خاتون کو دوماہ قبل صالح پٹ سے اغوا کیا گیا تھا۔پولیس نے قادرا پور اور جھانگڑو تھانے کی حدود میں کامیاب کارروائیاں کر کے دونوں خواتین کو با حفاظت بازیاب کرالیا۔ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچے کے علاقے قادرا پور میں ایک سنگ دل بیٹا اپنی 55سالہ معمر ماں مسمات نواب کو مقامی نوجوان کے ساتھ سیاہ کاری کے الزام میں قتل کرنا چاہتا ہے، جس پر پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کی اور مذکورہ خاتون کو باحفاظت بازیاب کرالیا، خاتون نے بتایا کہ میں چھ بچوں کی ماں ہوں، بیٹے سعد اللہ نے مجھے سیاہ کاری کے الزام میں قتل کرنے کی کوشش کی، پولیس نے بروقت کارروائی کر کے میری جان بچائی۔ پولیس نے خاتون کو وومن سینٹر منتقل کیا جہاں سے فیملی جج کی عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت کے حکم پر خاتون کو اس کے شوہر بدر الدین کے حوالے کردیا جبکہ ایک اور کارروائی میں پولیس نے دوماہ قبل صالح پٹ کے علاقے تھرڑی سے اغوا کی گئی شادی شدہ خاتون مسمات فریدہ شیخ کو جھانگڑو تھانے کی حدود سے بازیاب کرالیا ہے، خاتون کو ملزم نے اغوا کے بعد قید کر رکھا تھا ، پولیس نے بازیاب کرائی گئی خاتون کو وومن پولیس سینٹرمنتقل کیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔اغوا کی گئی خاتون کا شوہر کراچی میں کام کرتا ہے اور اس کے اغوا کا مقدمہ اس کے دیور کی مدعیت میں دو ماہ قبل تھانہ صالح پٹ میں درج کیا گیا تھا۔ورثاء سے رابطہ کرلیا گیا ہے ، قانونی کارروائی کے بعد بازیاب کرائی گئی خاتون کو ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، وومن پروٹیکشن سیل اور وومن ہیلپ لائن سینٹر کے قیام کے بعد پولیس نے متعدد خواتین کو بروقت کارروائی کر کے نہ صرف قتل ہونے سے بچایا بلکہ انہیں مکمل قانونی معاونت اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کی خواہشات کے مطابق ورثاء کے حوالے یا درالامان منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں پولیس افسران اور تھانہ انچارجز ، وومن پولیس سینٹر ، وومن پروٹیکشن سیل اور وومن ہیلپ لائن سینٹر سمیت تمام پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ایسی ٹیلیفون کال یا معلومات جس میں خواتین کو ہراساں، تشدد، زیادتی یا قتل کئے جانے کی اطلاعات ہوں تو وہاں بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے، چند لمحوں کی بھی تاخیر نہ کی جائے۔ پولیس کی جانب سے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے احسن انداز میں خدمات انجام دیئے جانے اور فوری کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک متعدد خواتین کی جانیں بچائی جا چکی ہیں ۔
تازہ ترین