کراچی (طلحہ ہاشمی) کراچی کے علاقے کلفٹن میں کوسکو شپنگ کمپنی کےچائینز ایم ڈی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو حیدرآباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے ، ملزمان کی گرفتاری پیر کو ظاہر کئے جانے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع بتاتے ہیں کہ سی ٹی ڈی نے حیدرآباد میں اطلاع پر کارروائی کی ہے اور کارروائی میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے تینوں ملزمان کو چائینز شہری کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ کوسکو شپنگ کمپنی کے ایم ڈی کو 5؍ فروری کو کلفٹن میں قتل کیا گیا تھاجبکہ فائرنگ کے وقت مقتول کے ساتھ ایک اور شہری بھی موجود تھا تاہم وہ محفوظ رہا تھا، ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ تینوں ملزمان کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے اور تینوں کی گرفتار پیر کو ظاہر کئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ گرفتار ملزمان یا ان میں سے ایک مقتول چائینز شہری کے شراکت دار بھی ہے اس سلسلے میں سی ٹی ڈی حکام نے کسی بھی تبصرے سے گریز کیا ہے ۔