لندن(وقار زیدی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے بھائی شیخ رفیق کی اہلیہ لاہور میں انتقال کرگئیں ہیں، شیخ رشید اپنی بھاوج کے انتقال کی خبر سن کر لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ سے پی آئی اے کی فلائٹ سے پاکستان روانہ ہوگئے۔ شیخ رشید احمد کے اعزاز میں عوامی مسلم لیگ کے لندن کے رہنماؤں نے تحریک انصاف لندن کے صدر رومی ملک کے ساتھ مل کر لندن کے پاکستانی ریسٹورنٹ رائل نواب میں پیر کی شام ڈنر کا اہتمام کررکھا تھا جس میں میڈیا کے نمائندگان کو بھی دعوت دی گئی تھی جو بھاوج کے انتقال اور شیخ رشید احمد کی پاکستان روانگی کے باعث ملتوی کردیا گیا۔ شیخ رشید احمد کی بھاوج کی وفات پر شیخ سلیم، بینا خان، حاجی محمد منیر، رومی ملک جاوید شیخ اور دیگر نے اظہار افسوس کیا ہے، یاد رہے شیخ رشید احمد یورپ کے دورے کے بعد برطانیہ پہنچے تھے الیکشن کے لئے فنڈ ریزنگ بھی کررہے تھے۔