کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک میں کرکٹ کے بعد ہاکی کی انٹر نیشنل سرگرمیوں میں بھی تیزی آرہی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نےسال ستمبر کے پہلے ہفتے میں چھ قومی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جس کے تمام میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد پیر کو کہا کہ ٹورنامنٹ 2 سے 10 ستمبر تک منعقد ہو گا اور اسے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے کیلنڈر میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان، قازقستان ، عمان، ترکی اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم راولپنڈی کے آرمی اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان آرمی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ شہباز احمد نے کہا کہ اگر پاکستان آرمی سے ٹورنامنٹ کی اجازت نہ مل سکی تو نئی آسٹروٹرف ڈالنے کی صورت میں ہم نصیر بندہ اسٹیڈیم میں میچز منعقد کرائیں گے تاہم آسٹرو ٹرف نہ بچھائی جاسکی تو ہمارا پاس تیسرا آپشن کراچی ہو گا۔