لاہور(خصوصی رپورٹر) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنان کو کرپٹ کر نے کا سہرا بھی ن لیگ کے سر ہے۔ بچہ بچہ جانتا ہے شریفوں پر پھول پھنکنے اور انکے جلسوں میں جانے کے پیسے ملتے ہیں۔شہدائے ماڈل ٹائون کے بے گناہ ورثاء 4سال میں دو سو پیشیاں بھگت چکے، نا اہل کرپشن پر ٹرائل ہو رہا ہے۔ جو اپنے ملک کی عدلیہ کے خلاف مورچہ زن ہو اس نے خاک عوام کی خدمت کرنی ہے،نا اہل کا نیا نظام خاندانی لوٹ مار کو تحفظ دینا اور کرپشن پر یقینی سزائوں سے بچنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کو ملک اور عوام کی کوئی پرواہ نہیں اسے اسمبلی میں اکثریت نا اہلی ختم کرنے کیلئے چاہیے۔ سپریم کورٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نوا زشریف کو اٹھتے بیٹھتے خلائی مخلوق اور جیل نظر آتی ہے۔