• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تین ٹیسٹ کے لئے محمد عامر پر دباؤ بڑھ گیا ہے

ش-ش

قومی کرکٹ ٹیم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے منتخب کی گئی تو حسب معمول ایک مخصوص لابی نے اس کی سلیکشن کو ہمیشہ کی طرح متنازع بنانے کی کوشش کی۔ دراصل اس لابی کو یہ توقع نہیں تھی کہ کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں فواد عالم کو ڈراپ کردیا جائے گا لیکن یہ لوگ اس حقیقت کو فراموش کرگئے کہ 2009ء میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔ 

اگر سرفراز احمد کی سفارش پر فواد عالم کو منتخب کر لیا جاتا تو پھر اس ٹیم کی بلے بلے ہونا تھی بہرحال سلیکشن کے ان ناقدین کو سابق کپتان رمیز راجہ نے یہ کہہ کر خاموش کردیا کہ فواد عالم کی تکنیک میں خرابی ہے اسے سرفراز احمد بھی منتخب نہیں کرسکتے تھے۔ 

اب قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کی تیاری میں ہے آئرلینڈ کے لئے یہ تاریخی موقع ہے آئرش ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی ابتدا کررہی ہے ٹور میچز سے دونوں ٹیموں کو اس ٹیسٹ کی تیاری کا موقع مل گیا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل نارتھپٹن کے خلاف شاداب خان کی دس وکٹ اور اسد شفیق کی سنچری خوش آئند ہے۔ ٹیم کو اس دورے میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ بھی کھیلنا ہیں۔ کوچ مکی آرتھر نے یہ کہہ کر وہاب ریاض کو ڈراپ کردیا تھا کہ اس نے گزشتہ دو برس میں ٹیم کو کسی کامیابی سے ہمکنار نہیں کیا اب اس دورے میں تمام پریشر محمد عامر پر ہوگا جنہوں نے محدود ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ 

لیکن انگلش کائونٹی ڈربی شائر کو وہاب ریاض کی صلاحیت پر اعتماد ہے اور انہوں نے رواں سیزن کے لئے اسے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ محمد عامر پر دبائو کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض کی کمی بھی شدت سے محسوس کی جائے گی اس نے 2014ء سے اب تک 19ٹیسٹ کھیل کر 66وکٹ حاصل کئے ہیں اگر وہ میچ وننگ بائولر نہیں تو مکی آرتھر کی نظر میں پھر کون ہے۔

وہاب ریاض اب تک 167ٹی 20 میچوں میں 21.22 کی اوسط سے 197وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہاب ریاض انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں سال ٹی 20بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دس میچ کھیلیں گے۔اس بارے میں وہاب ریاض نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈربی شائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاسٹ ٹورنامنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں اور اگر آپ کو ریورس سوئنگ اور تیز رفتار بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہیے تو بتائیں۔ 

قومی کرکٹ ٹیم بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آئرلینڈ اور انگلینڈ ‌کا دورہ کر رہی ہے اور وہاب ریاض پاکستانی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ڈربی شائر کے کرکٹ مشیر کم برنیٹ کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض ایک تیز اور اعلیٰ معیار کے فاسٹ بائولر ہیں جس کی وجہ ہماری مہم کو تجربہ کاری کی دولت حاصل ہوگی۔ڈربی شائر کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقن فاسٹ بائولر ہارڈس ولیون نے بھی وہاب ریاض کی ڈربی شائر میں شمولیت کو زبردست خبر قرار دیا ہے اور انھوں نے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر سنبھل کر بیٹھیں راکٹ آپ کی جانب آ رہے ہیں۔ 

وہاب ریاض کو قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہ کرنے پر مین سٹریم اور سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے خلاف ناراضی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔وہاب ریاض اب تک 67ٹی 20 میچوں میں 21.22 کی اوسط سے 197وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ ٹی 20 بلاسٹ میں ایسیکس، کینٹ اور سرے کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔وہ اپنا پہلا میچ چھ جولائی کو لنکاشائر لائٹننگ کے خلاف اور آخری میچ تین اگست کو برمنگھم بیئرز کے خلاف کھیلیں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین