لاہور،کوٹ رادھاکشن (نمائندہ خصو صی،نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس تیزی سے صوبائی مسئلوں کو اچھالا جارہا ہے اس سے حالات خوفناک شکل اختیار کرچکے ہیں ،ملکی حالات خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا اگر الیکشن دو ماہ تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں تو کوئی قیامت نہیں آئے گی ۔بیرونی دورے سے واپسی پر اور بعد ازاں کوٹ رادھا کشن میں اپنی بھاوج شیخ رفیق قمر کی زوجہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحمل کیساتھ الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے، اگر کوئی حادثہ ہوگیا تو الیکشن کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جاتی امراء کے دروازے پانچ سال تک کارکنوں کیلئے بند رہے،اب جلسے (ن) لیگ کا حق ہیں، اب ہر آدمی جلسہ جلسہ اور میڈیا میڈیا کھیل رہا ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہمیں شومارنے کا شوق ہے اب اسحاق ڈار ڈالرمیں لیے گئے قرضے سامنے آکر بھگتیں ،ڈالروں میں قرضہ لینے سے اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو تشو یشنا ک حالات جنم لیں گے ،پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندر سے خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات ٹھیک ہوں گے تو جمہوریت ٹھیک ہوگی ہمیں باہم افہام وتفہیم سے معاملات طے کرنا ہوں گے ۔ صحافی کے سوال پر جاتے جاتے تحریک انصاف پر تنقید بھی کر ڈالی کہ جلسے کے بعد انہیں گریٹر اقبال پارک کی صفائی بھی کرنی چاہیے تھی۔شیخ رشید نے کراچی واقعہ اور احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی چھوٹا بڑا حادثہ ہوگیا تو پھر الیکشن تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے بھی شیخ رشید احمد سے کوٹ رادھاکشن میں تعزیت کی ۔