اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہے تو چلو میرے ساتھ سندھ، دیکھو غریبوں کو کیسے تعلیم اور صحت دی جاتی ہے۔
چکدرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ غریبوں کے عزت آبرو میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج غیرآئینی طریقے سے این ایف سی ایوارڈ نہیں ہو رہا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ شرم کرو حیاکرو کچھ تو کروو، اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہے تو چلو میرے ساتھ سندھ، دیکھو غریبوں کو کیسے تعلیم اور صحت دی جاتی ہے ، کیسے لاکھوں کی سرجری مفت ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبوں کواختیار دیا، ان کے فنڈز بڑھائے اور وفاق کے کم کئے، کیونکہ جب تک صوبے مضبوط نہیں ہوں گے وفاق مضبوط نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے ہیں لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے کیا لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے آپ لوگ بتاؤ۔ 12گھنٹے آج بھی لوڈشیڈنگ ہے ہاں حکمرانوں کے گھروں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ گیس کس کی ہے، سندھ کی ساری گیس پنجاب لے جاتے ہو، لے جاؤ پنجاب بھی میرا ہے، لیکن جہاں کی گیس ہے اسے بھی تو دو۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سی پیک کے پی کے، سندھ اور بلوچستان سے بھی گزر رہا ہے لیکن کام صرف پنجاب میں ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک چاہیے بہت ضروری ہے لیکن اپنے عوام کے انٹرسٹ کے بدلے نہیں۔