• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کوہاٹ کے صدر پرمقتولہ عاصمہ رانی کے اہلخانہ پر دبائو ڈالنے کاالزام

پی ٹی آئی کوہاٹ کے صدر پرمقتولہ عاصمہ رانی کے اہلخانہ پر دبائو ڈالنے کاالزام

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) کوہاٹ میڈیکل کالج کی مقتول طالبہ عاصمہ رانی کی بہن نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے صدر آفتاب عالم مقتولہ کے اہل خانہ پر قاتل مجاہد آفریدی کی فیملی کے ساتھ جو کہ آفتاب عالم کابھانجہ بتایاجاتاہےمصالحت کیلئے دبائو ڈال رہے ہیں ، دوسری جانب آفتاب عالم نے ان الزامات کو مسترد کردیاہے۔گزشتہ روز مقتولہ کی بہن صفیہ رانی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ آفتاب عالم مقتولہ کے اہل خانہ کو دبائو میں لا کر مصالحت پر مجبور کرنے کیلئے براہ راست اور بالوسطہ مختلف حربے اختیار کررہے ہیں، وہ سوشل میڈیا پر ہماری مدد کرنے والے لوگوں سے رابطے کرکے ان کو رشوت کی پیشکش کررہے ہیں اور جہاں ممکن ہودھمکیاں بھی دے رہے ہیں، ہمارے حامیوں کو ہماری مدد کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، علاقے کے بہت سے بااثر لوگ ہمارے گھر آکر ہمیں مجاہد آفریدی اوردوسروں کے ساتھ مصالحت کرکے اس معاملے کوختم کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں، میرے والدین آفتاب عالم ،مجاہد آفریدی اور ان کے حامیوں کے دبائو میں ہیں ، مجاہد آفریدی کے وکلا کیس کوکمزور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔صفیہ رانی نے کہا کہ آفریدی کی فیملی نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے ان کی بات نہ مانی تو بھیانک نتائج برآمد ہوں گے، اپنی پوری فیملی کی جانب سے صفیہ رانی نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کہ وہ ان کی بہن کے قتل کے مقدمے اوران کے اہل خانہ پر ڈالے جانے والے دبائو پرتوجہ دیں اورمقدمہ کاجلد فیصلہ کرائیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کوہاٹ کے صدر آفتاب عالم نے صفیہ رانی کےالزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عاصمہ رانی کے اہل خانہ سیاسی پناہ لینے کیلئے الزامات عائد کررہے ہیں، انہوںنے نہ ہی کبھی عاصمہ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور نہ ہی کوئی راضی نامے کیلئے دبائو ڈالا، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ آفتاب عالم نے کہا کہ وہ ذمہ داری سے بات کررہے ہیں کہ صفیہ رانی سراسر جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لے رہی ہیں، اگر ان کے پاس دبائو یا دھمکیوں کے حو الے سے شواہد ہیں تو سامنے لائیں بلیک میلنگ نہ کریں۔ انہوںنے کہا کہ عاصمہ رانی کا خاندان اب بیرون ملک سیاسی پناہ لینے کیلئے میڈیا میں بے سروپا الزامات عائد کررہا ہے۔

تازہ ترین