کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان عوامی اتحاد کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سنگین خطرات کا سامنا ہے ‘ دشمن ملک کے خلاف سازش کر رہا ہے ‘پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ملک میں ترقی نہیں لائی جا سکتی ‘نئے صوبوں کے قیام سے مسائل حل ہوں گے‘ کراچی تمام قوموں کا شہر ہے‘ مہاجر اپنے آپ کو تنہا مت سمجھیں ہم ان کے ساتھ ہیں‘پاکستان عوامی تحریک آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور تیسری سیاسی قوت کی صورت میں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نشتر پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ‘پاکستان ایک بھنور میں پھنسا ہوا ہے‘ معیشت تباہ ‘ بیرونی سرمایہ کاری بند ہو گئی ہے‘ملک میں کرپشن اور اقربا پروری کا راج ہے‘ حکمرانوں نے اپنے لوگوں کو نوازا اور پاکستان کو تباہی سے دوچار کیا‘ پاکستان کو جس چیز کی ضرورت ہے اس کا مجھے بخوبی علم ہے اور میں یہ باآسانی کر سکتا ہوں ‘پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کرنا ہے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بہاری اور بنگالیوں کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانا چاہئے ۔کراچی تباہ ہو چکا ہے ۔ کراچی کو ہر لحاظ سے ٹھیک کیا جائے ۔ کراچی میں بجلی نہ پانی ہے ۔