مقالہ نگار: ڈاکٹر زینت افشاں
صفحات360:، قیمت: 600 روپے
ناشر:ادارۂ یادگارِ غالب، غالب لائبریری، ناظم آباد، کراچی
زیرِتبصرہ کتاب، راول پنڈی کی جناح یونی ورسٹی برائے خواتین کے شعبۂ اُردو سے وابستہ، ڈاکٹر زینت افشاں کا پی ایچ ڈی کا مقالہ ہے۔ اُردو ادب میں اہم اور غیر معمولی واقعات کے حوالے سے تحریر نگاری کی روایت بہت قدیم ہے۔ماضی قریب میں ہماری قومی تاریخ کے دو اہم واقعات1947ء میں قیامِ پاکستان اور جنگ ستمبر 65ء، اُردو افسانہ نگاروں اور ناول نویسوں کی توجّہ کا مرکز بنے اور اس حوالے سے خاصا ادب تخلیق ہوا۔ سقوطِ ڈھاکا بھی ایک ایسا ہی واقعہ ہے، جس نے ہماری قومی تاریخ پر گہرا اثر ڈالا،حتیٰ کہ مُلک کا جغرافیہ ہی تبدیل ہوگیا۔
مقالہ نگار نے اس اہم موضوع پر تحقیق کے ذریعے کوشش کی کہ اس سانحے کے اسباب کو اچھی طرح مگر غیر جانب داری کے ساتھ سمجھا جائے اور اُردو افسانے اور ناول پر اس کے اثرات کا کھوج لگایا جائے۔ یہ بڑی متوازن اور غیر جانب دارانہ تحقیق ہے۔جس سےاُردو میں ایک نئی نہج اور روایت کا آغاز ہوا ہے۔