لاہور( جنگ نیوز ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہناہےکہ رمضان کے بعد سپر باکسنگ لیگ کیلئے بڑا اعلان ہوگا جس میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ لاہور میں داتا دربار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب میری اگلی فائٹ اب ستمبر میں ہوگی۔ عامر خان نے باکسنگ کے ذریعے پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس کا مطلب امن ہے، اس سے پاک بھارت تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ رمضان کے بعد سپر باکسنگ لیگ کیلئے بڑا اعلان ہوگا، لیگ میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے جب کہ آئندہ بھارتی کھلاڑی بھی شاید لیگ کا حصہ ہوں۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی ہارون خان اب پاکستان میں باکسنگ کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے۔ دریں اثناپنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ باکسنگ کے فروغ کے لئے ہر جگہ باکسنگ رنگ بنانا ہوں گے، پاکستان کرکٹ کی طرح باکسنگ میں بھی آگے آئے گا۔