• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب بورڈ کا اجلاس، بدعنوانی ، اختیارات کاناجائز استعمال، کک بیکس کیسز کی تحقیقات شروع

اسلام آباد( طاہر خلیل) نیب نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، سی ڈی اے، اسٹیل ملز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، یوٹیلٹی اسٹورز، کراچی پورٹ ٹرسٹ، نیشنل بنک، پی پی ایل سمیت دیگر اداروں میں بد عنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری ٹھیکوں میں بھاری کک بیکس کے کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیا د پر 10ماہ کے اندر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’احتساب سب کیلئے‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور عوام سے ہے، پی پی پی کی سابق ایم این اے راحیلہ بلوچ کے خلاف غلط شکایت پر شکایت کنندہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نیب اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔ نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال،انکوائریوں اورانوسٹی گیشن کو قانو ن کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے الیکٹرانکس مصنوعات بنانے والی کمپنی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نان ڈیوٹی پیڈلیپ ٹاپ مہنگے داموں ایچ ای سی کو فروخت کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے این ٹی ڈی سی کی انتظامیہ / بورڈ آف ڈائیریکٹرز اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بورڈ آف ڈائر یکٹرز کی جانب سے فیاض چوہدری کومطلوبہ تجربہ اور اہلیت کے بغیر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی تعینات کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو 20.4ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سی ڈی اے کےڈائریکٹر لینڈ خالد محمود مرزا اور مسز شائستہ سابق ڈائریکٹر لینڈ سمیت دیگر افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر 2 ارب روپے مالیت کی زمین سیکٹر ای الیون اسلام آباد میں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرمن پسند افراد کو قواعدو ضوابط کے بر خلاف بعض مقامات پر ٹول پلازے الاٹ کرنے اور این ایچ اے کی انتظامیہ کی طرف سے راولپنڈی میں غیرقانونی طور پر سی این جی اسٹیشن قائم کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈنے ڈاکٹر ظفر اقبال سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی اور دیگر کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور میں وفاقی اردو یونیورسٹی کا غیرقانونی ذیلی کیمپس کھولنے اور مبینہ بدعنوانی کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی جس سے قومی خزانے کو 16.5ملین روپے کانقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ،وزات صنعت و پیداوار کے افسران/ اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال ، بدعنوانی اور این ایف سی کے مختلف اکائونٹس سے رقوم نکال کر پرائیویٹ بینکوں میں منتقل کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 3ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پی پی پی کی سابق ایم این اے راحیلہ کوثر اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کر نے کی منظوری دی جبکہ شکایت کنندہ کے خلاف غلط شکایت کرنے پر نیب آرڈیننس کے تحت 18ایچ کے تحت انکوائری کا حکم دیا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چئیرمین ریلوے عارف عظیم اوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پرریلوے کیلئے 58لوکوموٹو اور 40پاورز وین من پسند کمپنی کے ذریعے خریدنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 19900 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے گلاب خان سیکرٹری کراچی پورٹ ٹرسٹ آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائیٹی اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کمرشل پلاٹس کی الاٹمنٹ کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے نیشنل بینک آف پاکستان کی بحرین برانچ کے افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔نیب نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر ڈائریکٹرز کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پرفنڈز میں خردبرد کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق کسب بینک کے چئیرمین کے مشیر اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر کسب بینک سے غیرقانونی طور پر 3.114 ارب روپے نکلوانے کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان اسٹیل ملز کےسابق سیکرٹری ، چیئرمین بورڈ آف گورنر فضل اللہ قریشی افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پراختیارا کا ناجائز استعمال کرتے ہوے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو غیر قانونی طور پر مستقل کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریبا 6.69ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیر افرادی قوت حکومت خیبر پختون خواہ شیر اعظم خان اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اراضی کی خریداری میں قواعد کی خلاف ورزی اور دھوکہ دہی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو10کروڑ75 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایم ڈی پیپکو منور بصیر احمداور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر بدعنوانی کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کومبینہ طور پر 1ارب38کروڑ19لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے پاک پی ڈبلیو ڈی خیبر پختون خواہ کے افسران / اہلکاران اور دیگر کے خلاف نکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دینے اورجعلی سکیموں کے ذریعے خرد برد کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 2ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے بنک آف خیبر پشاورکے افسران / اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوے 1400افراد کوغیر قانونی بھرتی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پاسکو کو بھاری قرضے دینے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلو چستا ن محمد قاسم بلوچ اوردیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پرجعلی اور غیر قا نو نی طریقہ سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو تقریبا ڈیڑھ کروڑروپے نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برا ئیوں کی جڑ ہے ۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی زمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔ نیب افسران اپنے فرائض پوری ایمانداری ، دیانت ، میرٹ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں۔

تازہ ترین