سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مدد گار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بارود اور اسلحہ سے بھری گاڑی میں سوار 5 خود کش بمباروں نے ایف سی سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی کے چاک و چوبند اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے، حملہ آور بظاہر افغان تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی یہ ناکام کارروائی گزشتہ روز کلی الماس کے علاقے میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا۔
پاک فوج کے مطابق ایف سی مددگار سینٹر پر اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے۔
قبل ازیں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مددگار سینٹر سے تین دھماکوں کی آواز آئی جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔
پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا جبکہ کچھ دیر بعد پاک فوج کے دستے بھی چمن ہاؤسنگ اسکیم پہنچ گئے تھے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی مدد گار سینٹر پہنچ گئے تھے۔