• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کانز میں پہلی بار ...ماہر ہ خان

بھارتی فلم انڈسٹری میں تین خانزعرصہ دراز سے چھائے ہوئے ہیں۔یعنی نام کے ساتھ خان ہو تو آپ انڈسٹری کی جان بن سکتے ہیں۔ سرحد کے اس پار آئیں تو ہمارے پاس بھی خان نامی اسٹارز ہیں، اگرچہ کہ فواد خان کو وہ اسٹار ڈم یہاں حاصل نہیں ہے جو بھارت میں کسی خان کو ہے تاہم ماہرہ خان وہ نام ہےجو خان ہونے کی لاج رکھ رہی ہے۔ ماہرہ خان کا جادو سر چڑھ کر بول رہاہے اسی لیےفلم فیسٹیول کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان سے کسی فنکار کو ریڈ کارپٹ کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی اور یہ اعزاز آیا ہے ماہرہ خان کے حصے میں، جو ریڈ کارپٹ ایونٹ میں شرکت کرچکی ہیں۔کان فلم فیسٹول میں پہنچ کر پاکستانی بیوٹی ماہرہ خان بھی زبردست سرخیوں کی زد میں ہیں ۔ بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس سے ڈیبیو کرنے کے بعد سے لائم لائٹ میں آنے والی ماہرہ خان 8 سے 19 مئی تک چلنے والے کان فلم فیسٹول میں شرکت کرنے پہنچی ہیں۔

پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو میں ماہرہ کا کہنا تھا کہ ‘یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک بہت بڑا اعزاز ہے، جہاں تمام نگاہیں مجھ پر مرکوز ہوں گی’۔ماہرہ خان نے کہا کہ انہیں تھوڑی گھبراہٹ ہو رہی ہے لیکن خوشی بھی بہت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کے بہت سے پہلو ہیں، جب ہم جیسے بہت سے فنکار دنیا بھر میں سفر کرتے ہیں تو اس سے دوسرے لوگوں کو ہمارے بارے میں جاننے کا بہتر موقع ملتا ہے کہ ہم کون ہیں؟۔’ماہرہ خان ریڈ کارپٹ میں مشہور میک اپ برانڈ پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ماہرہ نے ریڈ کارپٹ ایونٹ سے قبل اپنی کچھ تصاویر بھی انسٹاگرام پر مداحوں سے شیئر کیں، جنہیں بہت سراہا جا رہا ہے۔

کانز میں پہلی بار ...ماہر ہ خان

ایک پریس کانفرنس میں ماہرہ نے کہا تھا کہ میں کان فلم فیسٹول کوحوالےسے کافی گھبرائی ہوئی ہوں۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے میں پاکستانی ٹیم کی کھلاڑی ہوں، مگر مجھے اکیلے ہی کھیلنا ہے۔ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی کئی تصویریں پوسٹ کی ہیں، ان میں وہ فرنچ ریویرا کے خوبصورت بیچ پر سیلفی لیتی بھی نظر آرہی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے سونم کپور اور آنند آہوجا کو بھی ٹوئٹر کے ذریعہ شادی کی مبارکباد بھیجی تھی۔ انہوں نےیہ بھی لکھا تھا کہ سونم تم سے کانز میں ملاقات ہوگی۔

ماہرہ خان کی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران لی گئی تصاویر نے دھوم مچادی اور یہ بحث بھی چھڑ گئی کہ ماہرہ فلم فیسٹیول کے دوران دپیکا اورکنگنا سے زیادہ خوبصورت لگ رہی ہیں۔

ماہرہ خان کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان میں بین الاقوامی برانڈ لوریل پیرس کی سفیرمقرر کیاگیاتھا لہٰذا ماہرہ اسی برانڈ کی سفیر کی حیثیت سے کا ن فلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرتی نظر آئیں۔ ماہرہ خان نے 15 مئی کو ریڈ کارپٹ پر اپنی اداؤں کے جلوے بکھیرےاورغیر رسمی پوز دے کر مداحوں کے دلوں کو فتح کرلیا۔ماہرہ خان نے میلے میں دیے گئے خصوصی پوز کی تصاویر اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں، جب کہ دیگر انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بھی اداکارہ کی تصاویر کو شیئر کیا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہرہ خان کی طرح کنگنا رناوٹ اورہما قریشی بھی عالمی میک اپ برانڈ کی جانب سے ہی جلوے بکھیرتی نظر آئیں ۔علاوہ ازیں بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے، پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون بھی اسی برانڈ کی جانب سے جلوہ گر ہوچکی ہیں۔نہ صرف پاکستانی و بھارتی بلکہ برطانوی، روسی و امریکی اداکاراؤں سمیت دیگر ممالک کی اداکارائیں بھی اسی میک اپ برانڈ کی جانب سے جلوے بکھیرتی نظر آتی ہیں۔

ماہرہ خان کی عید پر فلم ’’ سات دن محبت اِن ‘‘ ریلیز ہونے والی ہے اس کے بعد وہ ’’ مولا جٹ 2‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ 

تازہ ترین